نیشنل ڈیف ٹی 20کرکٹ چیمپئن شپ:اسلام آباد نے گجرات کو ہرادیا
لاہور( نمائندہ سپورٹس) نیشنل ڈیف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ چیمپین شپ کے فائنل میں اسلام آباد نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گجرات کو چھبیس رنز سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔علیم ڈار کرکٹ گراونڈ میں کھیلا جانے والا فائنل بارش کے باعث صرف دس ، دس اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔ اسلام آباد کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے دس اوورز میں پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر نوے رنز بنائے۔ اسلام آباد کی ٹیم کے محمد ارشد نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے بیالیس جبکہ محمد علی نے آٹھارہ رنز سکور کئے۔ گجرات کے بدالجبار نے دو ہارون رشید،محمد وقار اورعلی رضا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں گجرات کی ٹیم مقررہ اوورز میں نو کھلاڑیوں کے نقصان پر صرف چونسٹھ رنز سکور بنا سکی۔ گجرات کے محمد وقار تیرہ سکور بنا سکے۔ فاتح ٹیم کی جانب سے شکیل نے چار اور ذکا احمد نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ چیمپین شپ کے فائنل کے مہمان خصوصی قومی کرکٹ ٹیم کیسابق مینجر اظہر زیدی اور شارجہ کرکٹ کونسل کے سابق رکن محمد امین نے کھلاڑیوں میں ٹرافی اور انعامات تقسیم کئے۔ شارجہ کرکٹ کونسل کے سابق رکن محمد امین کی جانب سے مین آف دی میچ، مین آف کی سیریز، بہترین باولر اور بہترین بیٹسمین کو پانچ پانچ ہزار روپے نقد انعام بھی دیا گیا۔