• news

پیپلز لبریشن آرمی کے کمانڈر کی صدر علوی سے ملاقات، نشان امتیاز دیا: وزیراعظم سے بھی ملے

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ، صباح نیوز)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے چین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو تمام شعبوں میں نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کااظہار چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی بری فوج کے کمانڈر جنرل ہان وائیگو سے باتیں کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ پاک چین دوستی کی پاکستان کی خارجہ پالیسی میں اہم سنگ میل کے طورپر اہمیت اجاگر کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی اور معاشی شعبوں میں تعلقات خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کیلئے انتہائی اہم ہے۔صدر نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت تمام جاری منصوبوں پر پیشرفت پر اطمینان کااظہار کیا ۔اس سے قبل صدر ڈاکٹر عارف علوی نے جنرل ہان وائیگو کو نشان امتیاز ملٹری عطا کیا۔ چینی کمانڈر نے وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پیشہ ورانہ امور اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے چینی کمانڈر کو نشان امتیاز ملٹری کا اعزاز ملنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین قریبی تعاون خطے میں امن اور استحکام کا باعث ہے۔ بین الاقوامی، علاقائی مسائل پر چین کا تعاون قابل تعریف ہے۔ چینی کمانڈر ہان وائیگو نے کہا کہ علاقائی امن اور استحکام کیلئے پاکستانی کردار قابل تعریف ہے۔ اعزاز ملنا میرے لئے باعث فخر ہے۔ دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی کامیابی کوششیں قابل تحسین ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن