سابق دور میں پسماندہ علاقوں کو جان بوجھ کر ترقی سے محروم رکھا گیا: عثمان بزدار
لاہور(نیوزرپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدا ر سے بہاولپور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ فرداً فرداً ہر رکن صوبائی اسمبلی کی نشست پر گئے اوران سے مصافحہ کیا۔بہاولپور ڈویژن کی ترقی، عوام کی خوشحالی کے منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ارکان ا سمبلی نے نامساعدمعاشی حالات کے باوجود عوام دوست اور بہترین بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ سابق دور میں پسماندہ علاقوں کو جان بوجھ کر ترقی کے سفر سے محروم رکھا گیا لیکن اب تحریک انصاف کی حکومت نے دور دراز علاقوں کی ترقی پر فوکس کیا ہے۔بہاولپور میں اسلامیہ یونیورسٹی او رویٹرنری یونیورسٹی کے لئے وائس چانسلرز کا تقرر جلد کیا جا رہاہے۔ارکان اسمبلی کی عزت و احترام میں کمی نہیں آنے دیں گے -آپ کے مسائل ذاتی طو رپر حل کروں گا۔سابق حکمرانوں نے سڑکوں کی دیکھ بھال اور مرمت کے لئے کبھی کوئی رقم مختص نہیں کی لیکن ہماری حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں اس مقصد کے لئے خطیر فنڈز رکھے ہیں۔ لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت اراضی سنٹرز کا دائرہ کار بتدریج تما م شہروں تک وسیع کیاجائے گا۔جنوری تک صوبے کے مختلف علاقوں میں 115نئے اراضی سنٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔عوام کے خون پسینے کی کمائی ضائع نہیں ہونے دوں گا اور فلاح عامہ کے منصوبوں میں معیاری کام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔ اراکین اسمبلی بھی ترقیاتی منصوبوں کی کڑی مانیٹرنگ کریں اور قومی وسائل کا درست استعمال یقینی بنائیں۔عثمان بزدار نے شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان کے بورڈ آ ف گورنرز کی تشکیل فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ منچن آباد شہر کے طلبہ و طالبات کیلئے ماسٹر ڈگری کی کلاسوں کے اجراء کی ہدایت کی۔ عثمان بزدار نے لاہور نیوز اور روزنامہ ’’دنیا‘‘ کے رپورٹر دانیال راٹھور کے بھائی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔عثمان بزدارکی زیر صدارت پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے خصوصی شرکت کی ۔اجلاس میں پنجاب میں پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کاموثر میکنزم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل و تکمیل میں قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کیاجائے اورترقیاتی منصوبوں کی ہر مرحلے پر کڑی نگرانی کی جائے اور باقاعدہ رپورٹ پیش کی جائے۔منصوبوں میں کرپشن ثابت ہونے پر متعلقہ انتظامیہ ذمہ دار ہو گی۔ نعیم الحق نے کہاکہ حکومت پنجاب وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق عوامی خدمت کے مشن پر عمل پیرا ہے اوروزیراعظم عمران خان،وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔