نیب کا بس چلے تو ججز کو بھی طلب کرلے، وکیل: ایسا کرکے تو دیکھے: جسٹس عظمت
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کیخلاف جاری نیب کی تحقیقات روکنے کی استدعا مستردکردی ہے ، تاہم عدالت نے تحقیقات مکمل ہونے تک نیب کو ملزم کی گرفتاری سے روک دیا، عدالت کا کہنا تھاکہ انکوائری رپورٹ کا جائزہ لیکر مناسب حکم جاری کرینگے، ، درخواست گزار کے وکیل شہزادمظہر نے موقف اپنایا کہ زمین کی الاٹمنٹ سے متعلق فیصلہ ہائی کورٹ سول کیس میں کر چکی ہے۔سول مقدمہ میں فیصلہ ہو چکا ہو تو نیب تحقیقات نہیں کر سکتا، وکیل نیب کا بس چلے تو ججز کو بھی تحقیقات کیلئے طلب کر لے، اس پر جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہاکہ نیب ججز کو طلب کرکے تو دیکھے، چیئرمین نیب کو سول مقدمات کے جائزے کا اختیار نہیں، پراسیکیوٹر نیب کا کہنا تھا کہ سندھ ہائی کورٹ کیساتھ غلط بیانی کی گئی، زمین کی الاٹمنٹ میں وزیراعلی کی منظوری شامل نہیں،جسٹس منیب اختر نے کہاکہ ہائی کورٹ فیصلے میں لکھا ہے کہ وزیراعلی نے منظوری دی تھی،یاد رہے کہ درخواست گزار ولید سعد خان کے نام پر والد نے 1978 میں خلاف ضابطہ زمین الاٹ کرائی تھی نیب کراچی نے 2010 میں انکوائری شروع کی جسے درخواست گزار نے چیلنج کیا تھا۔