اسلام آباد کو لاک ڈائون کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی: فضل الرحمن
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو لاک ڈائون کیا جائے گا، اس سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو اسلام آباد کو لاک ڈائون کرنے کے لیے طریق کار وضع کرے گی۔ ہم پورے ملک میں ملین مارچ کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ جے یو آئی کی مجلس شوری کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی پالیسیاں ریاست کے خاتمے کا باعث بن سکتی ہیں، ہم اس وقت پاکستان کو بچانے کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اصحاب رسول کی گستاخی کا مجلس شوری نے سختی سے نوٹس لیا ہے، اگر ہم مصلحت شکار ہوئے تو مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد میں نے جو مشورے دیئے تھے وہ صحیح تھے، میں نے کہا تھا انتخابات کے بعد حلف نہ اٹھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کل جماعتی کانفرنس کے انعقاد کی کوششوں کو مجلس شوری نے سراہا ہے، حزب اختلاف کی تمام سیاسی جماعتوں سے روابط بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مجلس شوری میں کئے گئے فیصلوں کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے گزشتہ اٹھارہ سال کے بیانیے کو شوری نے فرسودہ قرار دیا ہے، عالمی مارکیٹ میں مذہبی فکر بیچا گیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ان کی جماعت جعلی مینڈیٹ پر کسی کے حق حکمرانی کو تسلیم نہیں کرتی، قوم کو از سر نو نئی حکومت کا انتخاب کرنا ہو گا۔ پی ٹی آئی حکومت کی معاشی حکمت عملی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تباہ کن اقتصادی پالیسیوں کے ذریعے سے غریب انسان کو مشکل میں مبتلا کردیا گیا۔ نااہل حکمرانوں نے بجٹ پیش کر کے غریب کی کمر توڑ دی ہے، یہ بجٹ پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنے کا ذریعہ ہے۔