• news

شہری سہولتیں بہتر بنانے کیلئے، 22 ارب سے نیا پروگرام، مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ساہیوال اور سرگودھا ڈویژن کے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ 4 گھنٹے میرا تھون سیشن میں عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں، ترقیاتی کاموں اور عوامی مسائل کے فوری حل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ ہر رکن اسمبلی کی نشست پر گئے اور ان سے مصافحہ کیا۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو عوامی مسائل کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں۔ وزیراعلیٰ تجاویز اور سفارشات خود نوٹ کرتے رہے اور عوامی مسائل کے حل کے لئے فوری احکامات جاری کئے۔ عثمان بزدار نے کہاکہ بھکر اور میانوالی میں نئی یونیورسٹیاں تعمیر کریں گے۔ صوبے کے ہر شہر کی ترقی چاہتا ہوں،جس ضلع میں یونیورسٹی نہیں ہے ہر اس ضلع میں یونیورسٹی بنائیں گے-پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے نئے بجٹ میں زیادہ فنڈز رکھے گئے ہیں۔ میانوالی میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بھی بنایا جائے گا۔ سرگودھا اور بھکر کوشہروں کی ترقی کے ورلڈ بینک کے پروگرام میں شامل کیا گیاہے-دور دراز اضلاع کے ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالو ںمیں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کیاجائے گا-وزیراعلیٰ نے شہری سہولتیں بہتر بنانے کے لئے نیا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اس پروگرام کے لئے تقریباً 22ارب روپے مختص کئے جا رہے ہیں اوراس پروگرام کے تحت شہروں میں صفائی کے نظام ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی او رسیوریج سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا۔ بند ہونے والی واٹر سپلائی سکیموں کی بحالی کے لئے اقدامات کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے ضلع بھکر میں دریا کے کٹائو کے باعث اراضی کو پہنچنے والے نقصانات کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ریسکیو 1122 کی سروسز کا دائرہ کار نچلی سطح پر پھیلایا جا رہاہے-وزیراعلیٰ نے ریسکیو 1122 کی مکمل ہونے والی عمارتوں کو جلد سے جلد فنکشنل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ مکمل ہونے والی عمارتوں میں ریسکیو 1122کی سروسز جلد شروع کرنے کیلئے ضروری آلات اور عملہ ترجیحی بنیادوں پر مہیا کیاجائے گا۔ وزیراعلیٰ نے پانی کی چوری میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کاحکم دیتے ہوئے کہاکہ ضلع کی سطح پر کمیٹیاں بنا کر پانی چوری میں ملوث افراد کے خلاف ایکشن لیا جائے اور رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے-وزیراعلیٰ نے سبزی منڈیوں اور غلہ منڈیوں کے حوالے سے زیر التوا کیسوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ زراعت 3 روز کے اندر تمام کیسوں کی رپورٹ پیش کرے۔ ’’نیاپاکستان منزلیں آسان پروگرام‘‘ کے تحت ساہیوال اور سرگودھا ڈویژن میں 270کلو میٹر طویل دیہی سڑکیں تعمیر ہوں گی اور اس پروگرام کے تحت دونوں ڈویژن کے لئے 3ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اضلاع میں بڑے سرکاری گھروںکی تفصیلات طلب کرلیں اور کہاکہ بڑے گھروں کی جگہ چھوٹے گھر بنانے اور ان کے بہترین استعمال کے حوالے سے جامع تجاویز پیش کی جائیں۔ عوام نے جو مینڈیٹ دیاہے اس کی لاج رکھیں گے - سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے ہٹ گیا اور پاکستان کو اس کی اصل منزل سے ہٹانے والے ملک و قوم کے مجرم ہیں۔قومی وسائل کو نمائشی منصوبوں کی نذر کرکے ملک و قوم سے ظلم اور زیادتی روا رکھی گئی۔ ماضی کے ادوار میں ذاتی تجوریاں بھری گئیں اور عوام بنیادی ضرورتوں کو ترستے رہے۔ سابق حکمرانوں نے عوام کے بنیادی مسائل کو یکسر نظر انداز کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سابق دور کی غلطیوں اور خرابیوں کو دور کر رہی ہے اور عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی اصل منزل کی طرف رواں دواںہے۔ نیا پاکستان عام آدمی کا پاکستان ہے اور ہم قومی وسائل کو عوام کی امانت سمجھتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن