زرداری اور سعد کے پروڈکشن آرڈر جاری
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی‘ نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے رات گئے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے سربراہ آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے ہیں۔ سپیکر نے خود پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کو ٹیلی فون کر کے فیصلہ سے آگاہ کیا۔ آصف علی زرداری آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ترجمان قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ سپیکر اسد قیصر نے آصف زرداری اور خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر‘ قومی اسمبلی میں کارروائی‘ طریقہ کار کے قاعدہ 108 کے تحت جاری کئے۔ ذرائع کے مطابق خواجہ سعد رفیق بھی آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ خورشید شاہ نے آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔ دوسری طرف سابق صدر آصف علی زرداری سے پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور ان کی بہن آصفہ نے نیب راولپنڈی کے دفتر میں ملاقات کی، احتساب عدالت نے آصف زرداری کو بچوں سے ملاقات کی اجازت دی تھی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں قانونی اور سیاسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔ بلاول بھٹو نے اپنے والد کو مریم نواز سے جاتی امرا میں ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو نے سابق صدر کو ملک کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے معاملات پر بھی بات چیت ہوئی اور اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کی تفصیلات بھی بتائیں۔قبل ازیں پیپلز پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ اور راہنماؤں نے آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرانے کیلئے منسٹر انکلیو میں احتجاج کیا۔ نیئر بخاری‘ شیریں رحمان‘ فیصل کریم کنڈی‘ عامر فدا پراچہ‘ روبینہ خالد اور دیگر رہنماؤں نے مظاہرے میں شرکت کی۔