بجٹ منظور ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا: فردوس عاشق
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان اور پاکستان لازم وملزوم ہیں، اپوزیشن لیڈر نے قومی اسمبلی میں حقائق کو مسخ کرکے بیان کیا، قومی اسمبلی میں شہباز شریف نے بجٹ پر اڑھائی گھنٹے تک تقریر کر کے اپنے صحت مند ہونے کا ثبوت فراہم کر دیا ہے۔ شہباز شریف نے پارلیمنٹ کو ذاتی تشہیر کا ذریعہ بنایا۔ اپوزیشن عمران خان کو اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹاسکتی، گیدڑ بھبکیاں دینے والے بجٹ کا کچھ نہیں بگاڑ سکیں گے۔ بجٹ کو منظور ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا اداروں کی بالادستی، آئین کی حکمرانی اور اداروں کو بااختیار بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا، اپوزیشن عمران خان کو اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی، غنڈہ گردی سے نہیں آئینی اور پارلیمانی طریقے سے اپوزیشن ترامیم لائے حکومت انہیں منظور کرائے گی۔ جو عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوگا وہ حقیقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ پاکستانی قوم نے دونوں خاندانوں کو مسترد کر کے عوام نے تیسرے آپشن میں عمران خان کا انتخاب کیا اور مینڈیٹ دیا کہ وہ احتساب کریں اور چوروں ،لٹیروں سے حساب لیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن روایتی کھیل کھیلتے ہوئے اپنی سنائی اور دوسروں کو سنے بغیر نکل گئے ، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں طے ہوا تھا کہ ایک جماعت کا پارلیمانی لیڈر ایوان میں بات کرے گا تو دوسرا تحمل سے سنے گا اور دوسرا بات کریگا تو پہلا تحمل سے سنے گا، اس کمٹمنٹ کی بھی خلاف ورزی کی گئی انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی ذاتی تشہیر کے 45ارب کو الگ رکھیں۔وہ تمام دل رکھ کر اے پی سی میں شامل ہوں کیونکہ وہ عمران خان کو ان کے مشن سے ہٹا نہیں سکتے ،عمران خان کا بیانیہ ہے کہ بجٹ عوام کے حقوق کا محافظ، قومی سلامتی ،دفاع اور چاروں اکائیوں کے حقوق کا ضامن ہے، این ایف سی سے ہی صوبوں کا حصہ منتقل ہوتا ہے ،جب این ایف سی کی تقسیم کی باری آئے گی سب دیکھیں گے۔ پاکستان سیاسی تجربہ گاہ بنا رہا، وزیراعظم کا آئین کی بالادستی،قانون کی حکمرانی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا،اپوزیشن عمران خان کو اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹاسکتی،گیدڑ بھبکیاں دینے والے بجٹ کا کچھ نہیں بگاڑ سکیں گے،بجٹ نہیں رکے گا،اسے عوامی نمائندے پاس کرینگے۔ اقتدار سے باہر اور چور دروازے سے ایوان میں آنے والے راستہ نہیں روک سکتے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے ڈھائی گھنٹے تقریر کی جو 3دن سے چل رہی تھی، جس کو کمر میں تکلیف ہو وہ ڈھائی گھنٹے قوم کو لیکچر نہیں دیتے، قوم کو مبارکباد کہ شہبازشریف صحت یاب ہوگئے ہیں۔ عمران خان کو چور دروازوں سے آنے والے مشن سے نہیں ہٹا سکتے، بجٹ قومی سلامتی اور ملکی دفاع کا ضامن ہے۔ صباح نیوز کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے نیپال کے میڈیا کے وفد نے ملاقات کی ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک کثیرالاثقافتی ملک ھے۔پاکستان میں سیاحت کے وسیع مواقع میسر ہیں۔ نیپال کی طرح پاکستان میں بھی مذھبی اور مہم جو سیاحت کا پوٹینشل موجود ھے دونوں ممالک کو اس شعبے میں تعاون کے فروغ کی نئی راہیں تلاش کرنا ہوں گی۔ میڈیا ثقافتی شعبوں سمیت عوامی رابطوں کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستانی فلموں اور ڈراموں کی کوالٹی اعلی ہے اور انکی نیپال میں نمائش ہونی چاہیے۔