ڈرون بنانے کے بین الاقوامی مقابلے میں پاکستان کی پہلی پوزیشن
لندن (عارف چودھری)برطانیہ میں ہر سال انسٹی ٹیوشن آف مکینکل انجینئرز کی جانب سے اختراعاتی ڈرون اور ہیلی کاپٹر وغیرہ کا عالمی مقابلہ ہوتا ہے اوراس سال نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)کے طلبا و طالبات نے اپنا جدید ترین ہیلی کاپٹر ڈرون بناکر اس مقابلے میں اول پوزیشن حاصل کی ہے۔اس مقابلے میں نسٹ ایئرورکس کی ٹیم نے مکمل طور پر برقی(الیکٹرک)ہیلی کاپٹر تیار کیا تھا جو مقابلے میں شامل واحد ہیلی کاپٹر بھی تھا جبکہ دنیا بھر کی جامعات کے دیگر طلبا و طالبات نے جامد بازوں (فکسڈ ونگ)چھوٹے طیارے اور ڈرون پیش کئے تھے،یو اے ایس 2019 کے مقابلے میں نسٹ کی ایئر ورکس ٹیم بی ٹا کو اول انعام کا حقدار ٹھہرایا گیا جو پاکستان کے لیے بلاشبہ ایک بڑا اعزاز ہے جبکہ کوئنز یونیورسٹی بلفاسٹ کے دو گروپوں نے دوم اور سوم پوزیشن حاصل کی۔اس کے علاوہ دیگر 32 جامعات اور تحقیقی اداروں کے نوجوانوں نے اپنے ڈرون اور ائیرسسٹم پیش کئے۔ ان ممالک میں برطانیہ، کینیڈا، ہالینڈ اور دیگر شامل تھے۔