• news

سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیوز وائرل کرنے والوں کیخلاف کریک ڈائون کا حکم ، عوام کو سہولتیں دینگے : عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے راولپنڈی ڈویژن کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ کو حلقوں کے مسائل، ترقیاتی کاموں اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے ہر ضلع کے متعلق عوامی مسائل حل کرنے کے لئے مربوط حکومت عملی بنائی ہے۔ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے دینہ میں سرکاری اہلکار کی جانب سے بھتہ لینے کی شکایت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سرکاری اہلکار کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے جعلی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈائون کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ جعلی ویڈیوز بنا کر بلیک میل کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ بے بنیاد اور حقائق سے منافی ویڈیوز بناکرغلط اطلاعات کی تشہیر روکنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر جعلی ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والوں کے خلاف کارروائی یقینی بنائیں۔ وزیراعلی نے قبضہ مافیا کے خلاف بھی بلاامتیاز کا رروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ ارکان اسمبلی نے فرائض سے غفلت برتنے، عوام کی داد رسی نہ کرنے اور مبینہ طورپر رشوت لینے کی شکایات پر راولپنڈی کے 3تھانوں کے ایس ایچ اوزکے خلاف کارروائی کامطالبہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے پیر ودھائی، رتہ امرال اور سٹی تھانے کے ایس ایچ اوز کو فوری طو رپر تبدیل کرنے اور معطل کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں صوبہ بھر میں تعیناتی کی میعاد پوری کرنے والے محکمہ تعلیم کے ڈسٹرکٹ آفیسرز اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہیلتھ کونسلوں میں ایمرجنسی کی بنیاد پر ڈیلی ویجز ملازمین بھرتی کرنے کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ نے ڈوڈوچہ ڈیم کی تعمیر کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے پوٹھوہار کے علاقے میں چھوٹے ڈیم بنائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کو معیاری علاج معالجہ فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے اور تحصیل گوجر خان کے ٹراما سنٹر کو فعال کیاجائے گا۔بغیر این او سی بننے والی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف قانو ن کے تحت کارروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے راولپنڈی میں لڑکوں پر پولیس تشدد کے واقعہ کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ فوری پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے۔انہوں نے کہاکہ پولیس نظام میں بہتری کے لئے اقدامات کررہے ہیں،پولیس کو عوام کی توقعات پر پورا ترنا ہوگا۔ لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت دسمبر تک 115نئے اراضی سنٹر فعال ہوجائیں گے۔ اجلاس میں ہر یونین کونسل کی سطح پر بنیادی مرکز صحت کے قیام کی تجویز پر غور کیاگیا ۔

ای پیپر-دی نیشن