اقوام متحدہ نے پاکستان کو دوبارہ فیملی سٹیشن قراردیدیا
اسلام آباد ( محمد فہیم انور سے) اقوام متحدہ نے پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال کو اطمینان بخش سمجھتے ہوئے اپنے ملازمین کیلئے فیملی سٹیشن کا سٹیٹس بحال کر دیا ہے۔یہ خبر پاکستان کیلئے نہایت خوش کن ہے، وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک ٹویٹ میں اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان کے فیملی سٹیشن کے سٹیٹس کی بحالی پر اقوام متحدہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ نائن الیون اور ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد اقوام متحدہ سمیت امریکہ اور بیشتر یورپئین ممالک نے پاکستان میں اپنے فرائض انجام دینے والوں کی فیملیز کو اپنے اپنے ملکوں میں واپس بلا لیا تھا۔جمعرات کو اقوام متحدہ نے پاکستان کو دوبارہ فیملی سٹیشن قرار دیا ہے جس سے پاکستان میں اقوام متحدہ اور اس کے ذیلی اداروں میں کام کرنے والے غیر ملکی حکام کو اپنے ہمراہ اہل خانہ کو رکھنے کی اجازت مل گئی ہے۔ یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اقوام متحدہ اور یورپی ممالک یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال بہت بہتر ہو گئی ہے۔ابھی چند دن پہلے برٹش ایئر ویز نے پاکستان کیلئے قریباً18/20سال سے معطل سروس کو بحال کیا تھا۔اقوام متحدہ کے حالیہ اعلان سے اب یہ امید ہو چلی ہے کہ امریکہ اور دیگر یوپی ممالک بھی جلد ہی پاکستان کودوبارہ فیملی سٹیشن قرار دے دیں گے ۔ جس سے ملک میں نائن الیون کے بعد غیر ملکی سیاحوں کی آمد کا جو سلسلہ منقطع ہو گیا تھا وہ بھی بحال ہو جائے گا۔ اقوام متحدہ کے اس اعلان سے اب پاکستان کوسکواش، کرکٹ اور ہاکی سمیت بڑے بڑے سپورٹس ایونٹس کی میزبانی کا موقع دوبارہ ملنے کی راہ بھی ہموار ہو گئی ہے۔