• news

حیدر آباد : جناح ایکسپریس کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی ، ڈرائیور ، 2اسسٹنٹ جاں بحق

لاہور (کامرس رپورٹر، خصوصی نامہ نگار)کراچی سے لاہور آنے والی جناح ایکسپریس (31UP) حیدرآباد ریلوے سٹیشن پر تقریباً 5 بجکر 10 منٹ پر آٹو سگنل کھلا ملنے کی وجہ سے پہلے سے کھڑی کول سپیشل ٹرین ’’مال گاڑی‘‘ سے ٹکرا گئی۔ تین افراد جاں بحق ہوگئے جن میں جناح ایکسپریس کا ڈرائیور اسلم چانڈیو اور دو اسسٹنٹ ڈرائیور یاسر بشیر اور نعمان شاہ شامل ہیں۔ جبکہ اس حادثے میں کول سپیشل ٹرین کا گارڈ عمران شاہ شدید زخمی ہوگیا۔ گارڈ کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیاگیا، تمام مسافر محفوظ رہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی روہڑی اور کوٹری سے ریلیف ٹرینیں جائے حادثہ کی طرف روانہ کردی گئی تھیں۔ لاہور سے کراچی جانے والی مین لائن کو کلیئر کردیا گیا جبکہ حادثے کا شکار جناح ایکسپریس کو بھی نیا انجن لگاکر لاہور کی جانب روانہ کردیا گیا ہے۔ سیکرٹری /چیئرمین ریلویز سلطان سکندر راجہ کو پیش کی گئی ابتدائی رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ بظاہر جناح ایکسپریس کے ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا ہے جس کے بعد سکندر سلطان راجہ نے فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویز ظفراللہ کلوڑ کو حادثے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ شیخ رشید احمد نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز محمد آفتاب اکبر کو تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے فوری طور پر کراچی پہنچنے کی ہدایت کی ہے اور آئندہ 24گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ اس حادثے سے مسافروں کو پہنچنے والی تکلیف پر پاکستان ریلوے معذرت خواہ ہے اور ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ آنے کے بعد ہفتے کو میں اس پر اپنا فیصلہ بھی دوں گا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے آفتاب اکبر نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں جناح ایکسپریس اور مال گاڑی کا حادثہ انسانی غفلت ہے۔ جناح ایکسپریس کے کیبن میں ڈرائیور، اسسٹنٹ ڈرائیور کے علاوہ دو غیر متعلقہ افراد موجود تھے۔ غیر متعلقہ افراد میں ایک ریٹائرڈ ریلوے ڈرائیور اور ایک نامعلوم شخص تھا لگتا ہے یہ افراد باتیں کررہے تھے اس لئے ڈرائیور سگنل دیکھ سکا اور نہ ایمرجنسی بریک لگا سکا۔ شواہد بتاتے ہیں ڈرائیور نے بریک ضرور لگائی لیکن تاخیر سے جو حادثے کا سبب بنی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حیدرآباد کے قریب ٹرین حادثے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ زخمی مسافروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور اور مراد شاہ نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
ٹرین حادثہ

ای پیپر-دی نیشن