ورلڈکپ: ڈیوڈ وارنر کی سنچری‘ آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 48رنز سے شکست دیدی
لندن (سپورٹس رپورٹر) ورلڈکپ کے 26 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے بنگلا دیش کو 48 رنز سے شکست دیدی۔ 382 رنز کے کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم 8 وکٹوں پر 333 رنز تک محدود رہی۔ بنگال ٹائیگرز کی جانب سے تجربہ کار بیٹسمین مشفق الرحیم نے 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تاہم ان کی یہ سنچری بھی ٹیم کے کسی کام نہ آئے۔ اوپنر تمیم اقبال نے 62، سومیا سرکار نے 10، شکیب الحسن نے 41 رنز کی باری کھیلی جبکہ لٹن داس 20، محمداللہ 69، شبیر رحمان صفر، حسن مراج اور مشرفی مرتضیٰ 6، 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مچل سٹارک، سٹونس اور کولٹرنائل نے 2، 2 زمپا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے121 رنز کا اوپننگ سٹینڈ فراہم کیا، کپتان فنچ 53 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ پر وارنر اور عثمان خواجہ نے 192 رنز جوڑے اور مجموعے کو 313 تک پہنچایا، وارنر نے 166 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 14 چوکے شامل تھے ۔ عثمان خواجہ 10 چوکوں کی مدد سے 89 بنا کر آؤٹ ہوئے۔میکسویل 32 اور سمتھ ایک رن بنا کر پویلین لوٹے جبکہ سٹونس 17 اور کیرے 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ سومیا سرکار نے 3 اور مستفیض الرحمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ڈیوڈ وارنر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔