اسلام آباد کو فیملی سٹیشن قرار دینا بین الاقوامی اداروں کا اعتماد ہے: شاہ محمود
اسلام آباد (آئی این پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو ’’فیملی اسٹیشن‘‘ قرار دینا بہت بڑی کامیابی ہے، یہ ایک بین الاقوامی اداروں کا پاکستان پر اعتماد کا اظہار ہے۔ میں پاکستان کی سکیورٹی ایجنسیز اور فارن آفس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ 2008 میں اسلام آباد میریٹ ہوٹل میں بم دھماکہ کے بعد اسلام آباد میں مختلف ممالک کے سفارت خانوں اور اقوام متحدہ کے دفاتر میں خاصا اضطراب پایا جا رہا تھا۔ چنانچہ اقوام متحدہ نے سکیورٹی کی صورتحال کو نامناسب سمجھتے ہوئے اسلام آباد کو " نان فیملی سٹیشن" قرار دیا تھا اور یہ سلسلہ دس سال جوں کا توں رہا۔ اس دوران فارن آفس، اقوام متحدہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہا۔ جیسے ہی سکیورٹی صورتحال کو سنبھالنے اور دہشت گردی کو شکست دینے میں ہمیں کامیابی حاصل ہوئی تو وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ اور ان کی ایجنسیز پر زور دیا کہ اب سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہو چکی ہے لہذا اب اقوام متحدہ کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔