غیر قانونی اثاثوں کی تحقیقات کیلئے شرجیل میمن کو دوبارہ جیل سے حراست میں لینے کا فیصلہ
کراچی (وائس آف ایشیا) نیب حکام نے غیرقانونی اثاثے بنانے کی تحقیقات کے لئے سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کوجیل سے حراست میں لینے کا فیصلہ کر لیا۔ نیب حکام شرجیل میمن کو حراست میں لینے کی اجازت کیلئے احتساب عدالت پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا، نیب حکام نے شرجیل میمن کیخلاف غیرقانونی اثاثے بنانے کی تحقیقات کا آغاز کردیا اور ان کو جیل سے حراست میں لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ کراچی کی احتساب عدالت کے منتظم جج کے روبرو نیب حکام کی شرجیل انعام میمن کو دوبارہ حراست میں لینے سے متعلق سماعت ہوئی۔ نیب حکام نے کہا کہ شرجیل میمن کیخلاف غیر قانونی اثاثے بنانے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، اثاثوں سے متعلق تحقیقات کے لیے شرجیل میمن کی حراست ضروری ہے۔ نیب حکام نے بتایا کہ شرجیل انعام میمن سینٹرل جیل میں ہے، حراست کی این او سی دی جائے۔ نیب ذرائع کے مطابق گزشتہ روز شرجیل میمن کے پی اے اظہار حسین کو گرفتار کیا گیا، اظہار حسین کے بیان کی روشنی میں شرجیل میمن سے تحقیقات مطلوب ہیں۔ عدالت نے شرجیل میمن کی دوبارہ نیب حوالگی کی درخواست پر سماعت ہفتہ تک ملتوی کردی۔