ورلڈکپ: افغانستان، بھارت ، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز آج مدمقابل
لندن(چودھری اشرف) بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج مزید دو میچ کھیلے جائینگے۔ افغانستان کی ٹیم کو بھارت کا چیلنج درپیش ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں کیویز کا مقابلہ دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔ میگا ایونٹ کا 28 واں میچ جو بھارت اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق سہ پہر 2 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا جبکہ دوسرا میچ جو نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جائیگا وہ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 5 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا چھٹا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف کل23جون کو کھیلے گی ،دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق اڑھائی بجے شروع ہوگا ۔ میچ لارڈز میں کھیلا جائے گا۔ گرین شرٹس ساتواں میچ 26 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف برمنگھم میں کھیلے گی، آٹھواں میچ 29 جون کو افغانستان کے خلاف لیڈز کے مقام پر کھیلے گی جبکہ نواں میچ بنگلہ دیش کے خلاف 5 جولائی کو لارڈز کے مقام پر کھیلے گی۔ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ناقص کار کر دگی کے بعد پاکستان ٹیم کا سفر مزید مشکل ہوگیا ہے،ماہرین کے مطابق بقیہ میچز میں پاکستان کے پاس غلطی کی گنجائش بھی نہیں ہے۔ورلڈ کپ کرکٹ میں ٹیم پاکستان اور جنوبی افریقہ کا آگے کی جانب سفر انتہائی کٹھن ہوگیا ہے، دونوں کے پاس اب سوائے جیت کے کوئی آپشن نہیں ہے۔ ورلڈ کپ میں موجود رہنے کے لیے جنوبی افریقہ کی ٹیم کو بھی اپنے تمام میچز جیتنے ہیں، یعنی اس کے پاس بھی غلطی کی گنجائش موجود نہیں ہے۔دونوں ٹیموں کے پانچ پانچ میچز میں تین تین پوائنٹس ہیں ۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کا اہم ترین میچ کل بروز اتوار کو کرکٹ کے تاریخی گراونڈ لارڈز میں کھیلا جائیگا۔ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن اڑھائی بجے شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کو ٹورنامنٹ میں کم بیک کرنے کے لیے میچ میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے کوچنگ سٹاف کی زیر نگرانی گذشتہ روز جمعہ کو بھی لارڈز کرکٹ گراونڈ پر بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ لندن کے لارڈز کرکٹ گراونڈ میں پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کا پہلا میچ کھیل رہی ہے اس سے قبل قومی ٹیم نے نوٹنگھم، بریسٹول، ٹانٹن اور مانچسٹر میں اپنے میچز کھیل رکھے ہیں۔ پاکستان ٹیم نے اب تک کھیلے جانے والے پانچ میچز میں سے صرف ایک میچ میں میزبان انگلینڈ کے خلاف کامیابی حاصبل کر رکھی ہے جبکہ تین میچوں میں شکست اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کو ایونٹ میں ان رہنے کیلئے باقی ماندہ میچوں میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے ۔ شکست کی صورت میں کوئی بھی میگا ایونٹ سے باہر ہوسکتی ہے اور سیمی فائنل میں رسائی ختم ہو جائیگی ۔