بھارت سے شکست کے بعد قومی کرکٹرز کا ہوٹل سے نکلنا مشکل ہوگا
لندن (سپورٹس رپورٹر)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منیجر طلعت علی ملک نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پبلک مقامات پر جانے سے گریز کریں اور اگر کوئی پرستار بدتمیزی کرتا ہے تو اس سے الجھنے سے گریز کریں۔طلعت علی نے امام الحق اور بابر اعظم کو کہا کہ وہ پرستاوں سے جھگڑ ا نہ کریں اس ملک کے قوانین ایسے ہیں کہ پولیس کیس بھی بن سکتا ہے۔بر طانیہ کے سخت قوانین سے کوئی کھلاڑی مشکل میں آسکتا ہے۔ موجودہ حالات میں کھلاڑی ہوٹل سے نکلنے سے گریز کررہے ہیں۔ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست کے اثرات اب بھی دکھائی دے رہے ہیں۔مانچسٹر کے بعد کرکٹرز جب لند ن میں باہر نکلے تو مشتعل پاکستانیوں نے ایک بار پھر بدتمیزی کی اور کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔سرفراز احمد کو بیٹے کے ساتھ دیکھ کر ایک نوجوان نے بدتمیزی کی اور جملے کسے لیکن وہ خاموشی سے باہر نکل گئے ایک اور شاپنگ سینٹر میں امام الحق اور بابر اعظم کا نوجوانوں سے جھگڑا ہوگیا۔نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ سکتی تھی لیکن کھلاڑی وہاں سے نکل گئے۔کھلاڑیوں کا ہوٹل سے باہر نکلنا مشکل ہوگیا ہے، کھلاڑی جہاں جاتے ہیں انہیں لوگوں کی جانب سے ہراساں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے پلیئرز بھی کافی پریشر کا شکار ہیں۔