• news

نہری پانی چرانے والوں کیخلاف کریک ڈائون کا حکم‘ اپوزیشن کا گٹھ جوڑ لوٹی دولت بچانے کیلئے ہے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں نے اپنے دور میں عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ اپوزیشن کا گٹھ جوڑ صرف قوم کی لوٹی ہوئی دولت بچانے کیلئے ہے اور اسی لئے اپوزیشن جماعتیں ذاتی مفادات کی سیاست کر رہی ہیں ۔ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں۔ بدعنوان عناصر کو صرف لوٹ مار سے اکٹھی کی گئی دولت بچانے کی فکر ہے ۔کرپشن کے ناسور نے پاکستان کو پیچھے دھکیلا ہے۔ ملکی خزانے پر ہاتھ صاف کرنے والے عناصر آج کس منہ سے عوام کی بات کرتے ہیں۔ سابق ادوار میں کرپشن نہ ہوتی تو آج ملک قرضوں میں نہ ڈوبا ہوتا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کرپٹ مافیا کے خلاف جہاد کر رہی ہے۔ ملک کو کنگال کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔ عوام کے تعاون سے ملک کو قرضوں کی دلدل سے نکالیں گے۔ مشکل فیصلے ملک و قوم کے مفاد میں کئے گئے ہیں۔ معاشرے کے پسماندہ اور محروم افراد کی معاونت حکومت کا نصب العین ہے۔ صحت، تعلیم، رہائش ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ اپوزیشن کا کام صرف شور مچانا رہ گیا ہے۔ غیرجمہوری ہتھکنڈوں کا بھرپور جواب دیں گے اور اپوزیشن کا غیر فطری گٹھ جوڑ بہت جلد اپنے انجام کوپہنچ جائے گا۔ عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں نہری پانی چوری کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔ اب تک پانی چوری کے 2995 واقعات پر کارروائی کی گئی ہے۔ عثمان بزدار نے کوٹ ادو کے قریب چوک سرور شہید روڈ پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع‘ فوٹو گرافر حسن جعفری کی ٹریفک حادثے کے نتیجے میں نہر میں گرنے سے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن