• news

بھارت: انتہاپسند ہندوئوں کا مسلمانوں پر تشدد‘ پاکستان مخالف نعرے لگوا کر چھوڑ دیا

نئی دہلی(آئی این پی) بھارت کی ریاست آسام میں بے گناہ، نہتے اور مظلوم مسلمانوں کو انتہا پسند ہندئووں کے ہجوم نے ایک مرتبہ پھر نہ صرف بلاوجہ بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ حسب معمول ان سے جے شری رام کے ہندوآنہ نعرے بھی لگوائے۔ جنونی ہندوں کے ہجوم نے مسلمانوں کی جان بخشی پاکستان مخالف نعرے لگوا کر کی۔شرپسند ہندوں نے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی وڈیو بھی بنا کر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پرڈال دی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق آسام کے علاقے بار پیٹا میں مسلمانوں کے خلاف پیش آنے والے انسانیت سوز واقعہ پر آل آسام مینارٹی اسٹوڈنٹس یونین (ے اے ایم ایس یو)اور نارتھ ایسٹ مینارٹی اسٹوڈنٹس یونین (این ای ایم ایس یو)کے بانی نے دائیں بازو کی ہندووادی تنظیم کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وائرل ہونے والی وڈیو میں باآسانی دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ افراد جبراً تشدد کا نشانہ بننے والوں سے جے شری رام اور پاکستان مخالف کے نعرے لگوا رہے ہیں۔انتہا پسند ہندو جماعت سے تعلق رکھنے والوں نے آٹو رکشہ میں سوار افراد کو پہلے زبردستی اتارا اور پھر ان کی پٹائی کرنے کے بعد نعرے بھی لگوائے۔تشدد پسند ہندو جماعت کے افراد اس دوران مظلوم مسلمانوں کی پٹائی اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کی وڈیو بھی بناتے رہے تاکہ بعد میں اسے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ڈال سکیں۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بارپیٹا سے تعلق رکھنے والے کانگریسی رکن اسمبلی عبد الخالق نے کہا ہے کہ انہوں نے اس ضمن میں پولیس کے ایس پی سے بات کی ہے۔ایس پی سے اس معاملہ میں کارروائی کرنے کو کہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن