گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس کا کل سے غیر معینہ مدت تک ملک گیر ہڑتال کا اعلان
کراچی (رپورٹ: سید شعیب شاہ رم) یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹ الائنس پاکستان کے چیئرمین غلام یاسین خان نے ایکسل لوڈ رجیم کی مکمل بحالی تک مورخہ 24 جون بروز پیر سے گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال میں مزید سختی کرتے ہوے پورے پاکستان میں غیر معینہ مدت کے لئے پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کردیا۔ دوران ہڑتال پورے پاکستان کے گڈز ٹرانسپورٹرز اپنے دفاتر کے شٹر ڈاون رکھیں گے ہر قسم کی ترسیلات کی بکنگ تاحکم ثانی معطل رہیں گے اور کسی بھی مال بردار گاڑی پر لوڈنگ اور انلوڈنگ کا عمل بھی تا حکم ثانی معطل رہے گا ۔ ترجمان یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹ الائنس اماد حسین نقوی کے مطابق گزشتہ روز کراچی گڈز کیئریئرز ایسو سی ایشن میں یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس کے چیئرمین غلام یاسین خان کی زیر صدارت اجلاس میں حکومت کی جانب سے ایکسل لوڈ قانون نافذ کرنے اور کسی دباؤ میں آکر مؤخر کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔