• news

گرین شرٹس 49 رنز سے کامیاب، جنوبی افریقہ ورلڈ کپ سے باہر، ’’ویل پلیڈ پاکستانی ٹیم‘‘: جنرل باجوہ

لندن (چودھری اشرف) پاکستان ٹیم کا عالمی ٹورنامنٹ 2019ء میں ایک مرتبہ پھر کم بیک، جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے اہم میچ میں 49 رنز سے کامیابی حاصل کر کے دو قیمتی پوائنٹس حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر نویں سے ساتویں نمبر پر آ گیا‘ جنوبی افریقہ ورلڈکپ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق لندن کے لارڈز کرکٹ گرائونڈ میں پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی طرف سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 15 ویں اوور میں اس وقت گری جب اوپنر فخر زمان 44 کے انفرادی سکور پر عمران طاہر کو بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ہاشم آملہ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ پاکستان کا مجموعی سکور 81 رنز تھا۔ بابر اعظم اوپنر امام الحق کا ساتھ دینے کے لیے میدان میں آئے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں 17 رنز کی ہی پارٹنر شپ قائم ہوئی تھی کہ امام الحق عمران طاہر کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ امام الحق نے پچاس گیندوں کا سامنا کیا جس میں چھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ نئے کھلاڑی محمد حفیظ میدان میں آئے جنہوں نے دفاعی حکمت عملی کو اپنایا اور 33 گیندوں کا سامنا کر کے ایک چھکے کی مدد سے 20 رنز بنا کر مارکرم کا شکار ہو کر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہو گئے۔ بابر اعظم نے شعیب ملک کی جگہ سکواڈ میں شامل کیے جانے والے حارث سہیل کے ساتھ ملکر سکور کو تیزی سے بڑھانا شروع کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 81 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی اس دوران بابر اعظم نے اپنے کیرئر کی 14 ویں نصف سنچری سکور کی اور آئوٹ ہوگئے۔ انہوں نے 69 رنز بنائے جس میں سات چوکے شامل تھے۔ پاکستان کا مجموعی سکور 224 رنز تھا۔ عماد وسیم اور حارث سہیل نے پاکستان کے رنز کرنے کی رفتار کو تیز کیا اور چھ اوورز میں 71 رنز بنا کر پاکستان کے ٹوٹل کو 295 پر پہنچا دیا۔ اس موقع پر عماد وسیم تین چوکوں کی مدد سے 23 رنز سکور کیے اور این گیڈی کا شکار ہوئے۔ 304 پر پاکستان کی چھٹی وکٹ وہاب ریاض کی گری جو صرف چار رنز ہی بنا سکے اور این گیڈی کے ہاتھوں کلین بولڈ آوٹ ہوئے۔ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے حارث سہیل 89 کے انفرادی سکور پر این گیڈی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ حارث سہیل نے 59 بالز کا سامنا کیا جس میں 9 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 89 رنز سکور کیے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ حارث سہیل کی ایک روزہ کرکٹ میں 11 ویں نصف سنچری تھی۔ پاکستانی اننگز کے پچاس اوورز مکمل ہوئے تو پاکستان کا سات وکٹوں پر مجموعی سکور 308 رنز تھا۔ قومی ٹیم کے کپتان دو جبکہ شاداب خان ایک سکور کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے این گیڈی نے 64 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ عمران طاہر نے 41 رنز کے عوض دو، فلوائیو نے 49 رنز دیکر ایک جبکہ مارکرم نے 22 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ 309 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقن ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو فاسٹ باولر محمد عامر نے ہاشم آملہ کو دو کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو آوٹ کر دیا۔ اوپنر ڈی کوک اور کپتان ڈپلوسی کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں 87 رنزکی پارٹنر شپ قائم ہوئی جس کا خاتمہ 91 کے ٹوٹل پر اس وقت ہوا جب ڈی کوک شاداب خان کو بڑا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں امام الحق کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ شاداب خان نے نئے کھلاڑی مورکل کو زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹھہرنے نہ دیا اور صرف 7 کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ کر دیا۔ جنوبی افریقن کپتان ڈپلوسی اور وین ڈوسو کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 33 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی جس کا خاتمہ 136 کے سکور پر اس وقت ہوا جب محمد عامر کو بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ڈپلوسی اپنا کیچ وکٹ کیپر سرفراز احمد کو دے بیٹھے۔ ڈپلوسی نے 79 گیندوں کا سامنا کیا جس میں 5 چوکوں کی مدد سے 63 رنز سکور کیے۔ محمد عامر کی ورلڈ کپ میں 15 ویں وکٹ تھی۔ 140 کے ٹوٹل پر پاکستان کو پانچویں وکٹ ملنے کا موقع ملا تاہم محمد عامر اپنی ہی گیند پر ڈیوڈ ملر کا کیچ پکڑنے میں ناکام رہے۔ جنوبی افریقہ کے 150 رنز 33 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر پورے ہوئے۔ میچ کی دوسری اننگز کے 35 اوورز کا کھیل مکمل ہوا تھا کہ لارڈز کرکٹ گراونڈ کی لائٹس کو روشن کر دیا گیا۔ جنوبی افریقہ کو آخری اوورز میں 15 اوورز میں 149 مزید رنز درکار تھے جبکہ چھ وکٹیں باقی تھیں۔ جنوبی افریقہ کی پانچویں وکٹ وین ڈوسو کی گری جنہویں شاداب خان نے محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آوٹ کیا۔ وین ڈوسو نے 36 رنز سکور کیے۔ اس سے قبل پاکستان ٹیم کی جانب سے وہاب ریاض اور محمد عامر کی گیند پرتین کیچ چھوڑے گئے۔ جنوبی افریقہ کو چھٹا نقصان 192 کے سکور پر اٹھانا پڑا جب شاہین شاہ آفریدی نے افریقہ کے ڈیوڈ ملر کو 31 کے سکور پر کلین بولڈ کر دیا۔ شاہین شاہ کی ورلڈ کپ میں یہ دوسری وکٹ تھی۔ 222 کے ٹوٹل پر پاکستان کے وہاب ریاض نے کرس مورس کو 16 کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ آوٹ کر دیا۔ 246 کے ٹوٹل پر افریقہ کو نواں نقصان این گیڈی کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ ہاب ریاض کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ این گیڈی نے 6 رنز سکور کیے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنے مقررہ پچاس اوورز کے کھیل میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے باولنگ میں وہاب ریاض نے 48 رنز دیکر تین، شاداب خان نے پچاس رنز دیکر تین، محمد عامر نے 49 رنز دیکر دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ جنوبی افریقہ کیخلاف کامیابی کے بعد قومی ٹیم نے سیمی فائنل تک رسائی میں ایک رکاوٹ پار کر لی ہے۔
لندن (سپورٹس رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ورلڈ کپ کا میچ دیکھنے کے لیے لارڈز کرکٹ گرائونڈ پہنچ گئے۔ ان کے ساتھ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اور برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ بھی موجود تھے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لارڈز کے تاریخی گرائونڈ کے پاکستان ہاسپٹیلٹی باکس میں دیگر آفیشلز کے ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کرکٹ کے شوقین ہیں اور خود بھی کھلاڑی رہے ہیں۔ چند ماہ قبل وہ جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کا میچ دیکھنے گئے تھے۔ پاکستان کا میچ دیکھنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کے صاحبزادے سلیمان خان، پی سی بی چیئرمین احسان مانی اور سابق پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی، انیل مسرت، پاکستانی ہائی کمشنر نفیس ذکریا، سابق عالمی سکوائس چیمپئن جہانگیر خان بھی سٹیڈیم میں موجود تھے۔ سابق کرکٹرز ظہیر عباس، مشتاق محمد، آصف اقبال کے علاوہ سابق ہوم سیکرٹری سندھ وسیم احمد اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیٹے نے بھی سٹیڈیم میں میچ دیکھا۔ آرمی چیف کو دیکھ کر وہاں موجود پاکستانی شائقین کرکٹ نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ جس وقت آرمی چیف گرائونڈ میں آئے تو پاکستانی اوپنر ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کررہے تھے اور گرائونڈ میں چوکوں کی بارش جاری تھی۔ پاکستان جنوبی افریقہ کے درمیان ورلڈ کپ میچ میں ترجمان پاک فوج ڈی جی آئی یس پی آر میجر جنرل آصف غفور توجہ کا مرکز بنے رہے۔ لارڈز کرکٹ گراونڈ میں شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی ساتھ سیلفیاں بنائیں اور پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ ترجمان پاک فوج نے ہر ایک کرکٹ شائق کیساتھ کھڑے ہوکر سیلفی بنوائی۔ پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد اہل خانہ کے ہمراہ میجرجنرل آصف غفور کے ساتھ تصویریں بنواتے رہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ میچ دیکھنے کے بعد لارڈز سٹیڈیم سے روانہ ہوئے تو انہوں نے کہا کہ ’’ویل پلیڈ پاکستانی ٹیم‘‘ پاکستانی شائقین کرکٹ کے پاکستان آرمی اور پاکستان ٹیم کے حق میں نعرے بازی۔ شائقین کرکٹ نے پاکستان ٹیم کی کامیابی پر لندن کی سڑکوں پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور قومی ٹیم کے حق میں نعرے بازی کی۔عمران خان کے صاحبزادے سلیمان خان سے سوال کیا گیا کہ کس ٹیم کو سپورٹ کریں گے تو انہوں نے کہا ظاہر ہے پاکستان کو۔ لارڈز پاکستان اور جنوبی افریقہ کے ورلڈ کپ میچ میں لاہور کے قذافی سٹیڈیم کا منظر پیش کررہا تھا۔ پورا لارڈز پاکستانیوں سے بھرا ہوا تھا۔ پاکستانی اوپنرز کی کارکردگی نے شائقین کرکٹ کا لہو گرما دیا۔

ای پیپر-دی نیشن