شریف خاندن متحد، شہباز پارٹی صدر، ہرمعاملے پر اعتماد میں لینا فرض سمجھتی ہوں: مریم نواز
لاہور (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ میری گزشتہ روز کی پریس کانفرنس کو اخبارات اور میڈیا میں سیاق و سباق سے ہٹ کے پیش کیا گیا۔ میرا اور میرے چچا کا انتہائی ادب و احترام اور پیار محبت کا رشتہ ہے وہ پارٹی کے صدر ہیں اور ہر معاملے پر ان کو اعتماد میں لینا میرے فرائض میں شامل ہے۔ بجٹ تقریر کے دوران میاں شہباز شریف صاحب نے کہا کہ ان کی میثاق معیشت کی پیشکش کو جو انہوں نے ستمبر 2018 میں کی تھی اس کو پائے حقارت سے ٹھکرا یا گیا جس کے جواب میں سپیکر نے کہا کہ ابھی بھی دیر نہیں ہوئی۔سپیکر کو جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا its never two late ۔ مریم نواز نے کہا کہ پریس کانفرنس کے دوران گفتگو میں میں نے معیشت کی زبوں حالی کے حوالے سے کہا کہ عمران خان اور جعلی حکومت کی نالائقی نے معیشت کو مذاق بنا کر رکھ دیا ہے۔ اور معیشت مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے۔اس حوالے سے میرے بیان کو جس طرح پیش کیا گیا اس سے میری اور میرے چچا کی دل آزاری ہوئی۔ شریف خاندان الحمداللہ مکمل طور پر متحد ہے اور ہمارے درمیان کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں ہے۔ ہمارے مخالفین نے 30 سال سے یہ کوشش کی ہے کہ دونوں بھائیوں کے درمیان تفرقہ ڈالا جائے مگراللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے شریف خاندان متحد ہے اور ان شاء اللہ متحد ہی رہے گا۔