مریم بیٹی ہیں، بیانیہ، متحدہ اپوزیشن کا چلے گا: زرداری
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم متحدہ اپوزیشن کے بیانیے کے ساتھ چلیں گے، ہمارا نظریہ ہے جو فیصلہ ہوگا متحدہ اپوزیشن کا ہوگا، ایک پارٹی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مریم نوازکے میثاق معیشت سے متعلق بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ مریم بی بی ہماری بیٹی ہے، ہمارا نظریہ ہے جوفیصلہ ہوگا متحدہ اپوزیشن کا ہوگا، ایک پارٹی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوگا۔ صحافی نے سوال کیا کہ آپ نوازشریف کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں یا شہباز شریف کے؟ آصف زرداری نے کہا کہ ہم متحدہ اپوزیشن کے بیانیے کے ساتھ چلیں گے۔ صحافی نے آصف زرداری سے حکومت کے ساتھ مفاہمت سے متعلق سوال کیا جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آپ کیسے کہہ سکتے ہیں مفاہمت کا سلسلہ شروع ہوا؟ آپ کا سوال ہی غلط ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی گرفتاری دھاندلی کا آغاز ہے۔ الیکشن کمشن اپنی ساکھ کیلئے رہائی کو یقینی بنائے۔ انتخابی عمل کے دوران پیپلز پارٹی کے امیدوار کی گرفتاری قابل مذمت اور انتخابات کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے۔ تاہم گرفتاریوں سے پیپلز پارٹی کے حامیوں کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔