کوئٹہ، بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف بی این پی کا شدید احتجاج، نوٹس نہ لینے پر 30 جون کو پہیہ جام ہڑتال کی دھمکی
کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے شدید احتجاج کوئٹہ چمن،کوئٹہ ژوب،کوئٹہ زیارت قومی شاہراہیں بلاک بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی نہ کی گئی تو 30جون کو کچلاک میں پہیہ جام ہڑتال ہوگی اور تمام قومی شاہراہیں بند ہوں گی۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے صوبے کے پشتون علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف اتوار کو کچلاک کے مقام پر شدید احتجاج کیا گیا۔ جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا احتجاجی مظاہرے سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء ملک عبدالمجید کاکڑ،سعید خان اور حاجی محمد آصف کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا انحصار زراعت کے شعبے پر ہے مگر بد قسمتی سے کیسکو کی نا اہلی اور بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث یہاں اکثر باغات تباہ ہوچکے ہیں۔ اگر صوبائی حکومت نے کیسکو کے ناروا رویہ کا نوٹس نہ لیا تو 30جون کو کچلاک کے مقام پر پہیہ جام ہڑتال ہوگی اور اس کے بعد بھی معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو تمام سیاسی جماعتوں کواعتماد میں لیکر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرینگے۔