ڈیپازٹ اور سرمایہ کاری: پاکستان کے لئے قطر کی طرف سے 3ارب ڈالر
دوحہ (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) قطر نے پاکستان کیلئے3 ارب ڈالر کے ڈیپازٹ اور سرمایہ کاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی شراکت داری9 ارب ڈالر ہو جائے گی۔ قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی ہدایت پر قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے پاکستان میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا جو ڈیپازٹ اور ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کی صورت میں ہوگی۔ قطری نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی شراکت داری 9 ارب ڈالر کی ہو جائے گی۔ قطری وزیر خارجہ نے کہا کہ قطر دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، معاشی، کھیل اور ثقافتی سطح پر مزید ترقی کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ قطری وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کو قطر کے امیر نے پاکستان کو 3 ارب ڈالرز امداد دینے کا حکم دیا۔ امدادی رقم امیر قطر نے پاکستان کے کامیاب دورے میں جذبہ خیر سگالی کے طور پر دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی جانب سے پاکستان کیلئے ڈیپازٹس کی مد میں تین ارب ڈالر دینے اور ملک میں براہ راست سرمایہ کاری کے اعلان پر قطر کے امیر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر جاری ہونے والے پیغام میں ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ ہم امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی جانب سے پاکستان کیلئے ڈیپازٹس کی مد میں تین ارب ڈالر دینے، ملک میں براہ راست سرمایہ کاری کے اعلان اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کے اعادہ پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے مشکور ہیں۔ امیر قطر کا یہ تعاون دو طرفہ تعلقات میں بہتری کا ثبوت ہے، دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
قطر
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ امیر قطر کی طرف سے بھاری سرمایہ کاری کا اعلان وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد ہے، قطر پاکستان سے افرادی قوت کی تعداد بڑھانے پر متفق ہے، قطر نے پاکستانی چاول کی درآمد پر عائد پابندیاں ہٹا دی ہیں، پابندیاں ہٹنے سے پاکستانی باسمتی چاول قطر اور دیگر مشرقی وسطی کے ممالک میں جائے گا۔ اپوزیشن دو مختلف بیانیوں میں دھنس چکی ہے اور اس میں مزید تفریق آ رہی ہے۔ پیر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم دنیا کو دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں سے آگاہ کر رہے ہیں، وزیراعظم پاکستان میں بدعنوانی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، بہت جلد پاکستان کو درپیش اقتصادی چیلنجز سے کامیابی سے نمٹیں گے، اقوام متحدہ نے سفر کیلئے پاکستان کو محفوظ ترین ملک قرار دیا ہے، امیر قطر کا دورہ پاکستان وزیراعظم کی کامیاب پالیسیوں کا عکاس ہے، اقوام متحدہ کا پاکستان کو فیملی سٹیٹس دینا اعتماد کا مظہر ہے۔ امیر قطر کا براہ راست سرمایہ کاری اور ڈیپازٹ کی صورت میں 3ارب ڈالر دینے پر شکر گزار ہیں، امیر قطر کی طرف سے بھاری سرمایہ کاری کا اعلان وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد ہے، پاکستان کی قطر کیساتھ نئی شراکت داری دوطرفہ تعلقات کا نیا باب ہے، پاکستانی عوام نے دہشتگردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم نے دنیا کو پر امن بنانے کیلئے دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑی، پاک فوج اور دیگر اداروں نے عظیم قربانیاں دیں، پاکستان نے قیمتی جانوں کیساتھ معاشی شعبے میں بھی بے مثال قربانی دی، وزیراعظم عمران خان دنیا کو پاکستان کی قربانیوں سے آگاہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا، امیر قطر کا دورہ پاکستان وزیراعظم کی کامیاب پالیسیوں کا عکاس ہے، وزیراعظم پاکستان کی عالمی تجارت کو فروغ دینا چاہتے ہیں، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے قطر کا اہم کردار ہے، پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہو چکا تھا، وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو عالمی تنہائی سے نجات دلائی، وزیراعظم پاکستان میں بد عنوانی کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی عوام اور ملک کے مفاد میں ایک اور کوشش رنگ لائی ہے بہت جلد پاکستان کو درپیش اقتصادی چیلنجز سے کامیابی سے نمٹیں گے، بہت جلد پاکستان دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گا، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری سے معاشی خسارے سے نکلنے میں مدد ملے گی، مذہبی اور دیگر سیاحتی مقامات کیلئے ویزوں کا اجرا آسان بنایا ہے، سیاحت کے شعبے کے فروغ کیلئے حکومت نے مختلف مراعات کا اعلان کیا ہے، اقوام متحدہ نے سفر کیلئے پاکستان کو محفوظ ترین ملک قرار دیا ہے، اقوام متحدہ کا پاکستان کو فیملی سٹیٹس دینا اعتماد کامظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں میڈیا اور دیگر اداروں کا اہم کردار ہے۔
فردوس عاشق