پری پیڈ موبائل صارفین پر ایڈوانس ٹیکس ختم ، فوجی افسروں کی تنخواہ بڑھائی جائے، سینٹ کی بجٹ سفارشات
اسلام آباد( نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) سینٹ نے بجٹ سفارشات منظور کرکے قومی اسمبلی کو بھجوا دی ہیں۔ سینٹ بجٹ سفارشات کے مطابق کم سے کم اجرت کو 18 ہزار 600 روپے مقرر کی جائے، پنشن میں 15 فیصد اضافہ کیا جائے، پری پیڈ موبائل فون صارفین پر ایڈوانس ٹیکس ختم کیا جائے، صحت کے بجٹ پر کٹوتی نہ کی جائے، تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے، آرمی افسران کو سالانہ تنخواہوں میں اضافہ سے محروم نہ کیا جائے، لائن آف کنٹرول ریلیف پیکج میں کوئی کٹوتی نہ کی جائے، فاٹا اور پاٹا پر 17 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی تجویز واپس لی جائے، ترقیاتی بجٹ ماسوائے سی پیک منصوبوں کو گزشتہ برس کے مطابق منجمد کیا جائے، سی پیک سے متعلق شاہراہوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، 1000 سی سی گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کی جائے، ایکسچینج ریٹ 150 روپے فی ڈالر پر منجمد کیا جائے۔ 5 مرلہ اور 60 لاکھ روپے مالیت کی پراپرٹی پر ایڈوانس ٹیکس ختم کیا جائے، گریڈ 16 تک سرکاری ملازمین کو انکم ٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے، ایف بی آر کی جانب سے عام شہریوں کا ڈیٹا ویب سائٹ پر نہ ڈالا جائے۔ آئی ایم ایف اور قرضوں سے متعلق دیگر معاہدے پارلیمنٹ میں پیش کئے جائیں، رینٹل آمدن پر ٹیکس کو کم کرکے 20 فیصد کیا جائے۔ منافع کی آمدن پر ٹیکس 15 سے کم کرکے 10 فیصد کیا جائے، پلانٹ اور مشینری کے بی ایم آر ٹیکس کریڈیٹ کو بڑھایا جائے، شاہ مقصود سے تھا کوٹ تک موٹروے کو مکمل کیا جائے، نیو گوادر ائر پورٹ کی تعمیر کو جلد مکمل کیا جائے۔ کمیٹی کے چئرمین سینٹر فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ کمیٹی نے مالیاتی بل پر 65 سفارشات اتفاق رائے سے منظور کی ہیں۔ چیئرمین سیٹ سینیٹر صادق سنجرانی نے تین کمیٹیوں کو تفویض کئے گئے امور پر کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے کیلئے مزید 60 دن کا وقت دے دیا۔