اے پی سی کل ہوگی، ایجنڈا طے کرنے کیلئے فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر اپوزیشن رہنمائوں کا اجلاس
اسلام آباد (اے پی پی، این این آئی، نوائے وقت رپورٹ) آل پارٹیز کانفرنس کے ایجنڈا کو حتمی شکل دینے کیلئے گزشتہ روز جمعیت علماء اسلام (ف) کے قائد مولانا فضل الرحمن کی رہائشگاہ پر اپوزیشن پارٹیوں کے رہنمائوں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف، مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال اور نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر میر حاصل خان بزنجو، سینیٹر میر کبیر نے شرکت کی۔ اجلاس میں 26 جون کو ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے ایجنڈا کو حتمی شکل دینے پر بات چیت کی گئی۔ اس کے علاوہ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (کل) بدھ کو ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمٰن سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی جس میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے اے پی سی بلانے کا اعلان کیا گیا تھا، شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ ملاقات میں رواں ماہ کے آخر میں اے پی سی بلانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ اب فضل الرحمٰن کی زیر اہتمام کل26 جون کو اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی ہوگی جس میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ سمیت اپوزیشن جماعتوں کے رہنما شرکت کریں گے۔ مولانا فضل الرحمن اے پی سی کی سربراہی کریں گے جس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف بھی شریک ہوں گے۔ اے پی سی میں چیئرمین سینٹ کی تبدیلی، بجٹ منظوری روکنے سے متعلق معاملات پر مشاورت ہو گی۔ اس کے علاوہ اے پی سی میں حکومت مخالف تحریک اور لاک ڈاؤن کے فیصلے پر غور ہو گا۔
فضل الرحمن، اجلاس
اسلام آباد ( محمد نواز رضا) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے جمعیت علما ء اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمنٰ نے بجٹ اجلاس میں کتوتی کی تحاریک کے زیر بحث آنے کی وجہ آل پارٹیز کانفرنس 30جون تک ملتوی کرنے کی تجویز سے اتفاق نہیں کیا اور کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس بہر صورت 26جون 2019ء کو ہی ہو گا ۔ تاہم آل پارٹیز کانفرنس کا اجلاس 26جون2019کی شام 7بجے منعقد کرنے پر اتفاق ہو گیا پیر کو اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں کا اجلاس اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں منعقد ہوا جس میں رانا تنویر حسین ، خواجہ آصف ، ایاز صادق ،احسن اقبال مرتضیٰ جاوید ، شیریں رحمنٰ ، راجہ پرویز اشرف ، اسعد محمد اور امیر حیدر ہوتی نے اجلاس میں بجٹ میں کٹوتی تحاریک کے دوران اے پی سی کے انعقاد کا معاملہ زیر غور آیا۔ احسن اقبال ، راجہ پرویز اشرف اور امیر حیدر ہوتی پر مشتمل کمیٹی نے مولانا فضل الرحمنٰ سے ملاقات کی لیکن مولانا فضل الرحمنٰ نے اے پی سی کو چار روز تک ملتوی کرنے سے اتفاق نہیں کیا پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس آج طلب کر لئے گئے دونوں جماعتوں کے اجلاسوں میں قومی اسمبلی میں بجٹ کی منظوری اور مخالفت کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جائے گی پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج11بجے دن ہو گا جس میں حکومتی جماعت کے سینیٹرز کو بھی مدعو کیا گیا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس شام 7بجے سینیٹ بینکوئٹ ہال پارلیمنٹ ہائوس میں میاں شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہو گا ۔ آج قومی اسمبلی میں وزیر مملکت برائے خزانہ حماد اظہر بجٹ پر بحث کو سمیٹیں گے اس کے بعد اپوزیشن کی کٹوتی کی تحاریک زیر بحث آئیں گی حکومت اور اپوزیشن دونوں نے ارکان کی حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔
عدم اتفاق