ورلڈ کپ:بنگلہ دیش نے افغانستان کو 62رنز سے ہرادیا
ساؤتھمپٹن (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)بنگلہ دیش نے ورلڈ کپ کے اہم میچ میں افغانستان کو 62رنز سے ہرادیا۔بنگلہ دیشن نے مشفیق الرحیم اور شکیب الحسن کی نصف سنچریوں کی بدولت افغانستان کو ورلڈ کپ میچ میں فتح کے لیے 263رنز کا ہدف دیا ہے۔افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو 23کے مجموعے اسکور پر انہیں پہلی کامیابی ملی جب لٹن داس ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔تمیم اقبال کا ساتھ دینے شکیب الحسن آئے اور دونوں تجربہ کار کھلاڑیوں نے 59رنز کی شراکت قائم کی لیکن اسی اسکور پر محمد نبی نے 36رنز بنانے والے اوپننگ بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔شکیب اور مشفیق کی جوڑی نے بھی 61رنزجوڑے لیکن مجیب الرحمٰن نے ان فارم شکیب کی 51رنز کی اننگز کا خاتمہ کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلائی جبکہ سومیا سرکار نچلے نمبروں پر آ کر بھی کچھ نہ کر سکے اور تین رنز بنانے کے بعد مجیب کی تیسری وکٹ بن گئے۔مشفیق نے دوسرے اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور محموداللہ کے ساتھ 56رنز جوڑ کر ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کرائی لیکن محموداللہ بھی وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد وکٹ گنوا بیٹھے۔اختتامی اوورز میں مشفیق اور مصدق حسین نے نسبتاً جارحانہ بیٹنگ کی جس کی بدولت بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 262رنز بنانے میں کامیاب رہی۔مشفیق نے 83 اور مصدق نے 35رنز کی اننگز کھیلی۔افغانستان کی جانب سے مجیب نے تین اور گلبدین نائب نے دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں افغان ٹیم47اوورز میں 200رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔افغانستان کی جانب سے گلاب دین نائب نے 47‘ رحمت شاہ24‘ حشمت اللہ شہیدی 11‘ اصغرافغانی 20‘ محمدنبی صفر‘اکرام الخیل11‘ نجیب اللہ زردان 23‘ راشد خان 2‘دولت زردان اور نجیب الرحمن کوئی رنز بنائے بغیر آؤٹ ہوئے ۔سمیع اللہ شنواری 49رنز پر ناقابل شکست رہے ۔فاتح ٹیم کے شکیب الحسن سب سے کامیاب باؤلر رہے انہوں نے 29رنز دے کر 5وکٹیں حاصل کیں۔ مستفیض الرحمن نے 2‘ سیف الدین اور مصدق حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔میچ میں کامیابی کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم کے سات میچز میں سات پوائنٹس ہوگئے اور وہ ایونٹ میںپانچویں نمبر پر موجود ہے ۔ اپنے آئندہ تمام میچز جیت کر یہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکتی ہے۔