پاکستان افغانستان میں نفرتیں پیدا کرنے کی بھارتی سازشیں ناکام بنانا ہوں گی: سراج الحق
اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی)سابق افغان وزیر اعظم اور حزب اسلامی افغانستان کے امیر انجینئر گلبدین حکمت یار نے وفد کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ریجن میں قیام امن کیلئے پاکستان اور افغانستان کا ایک پیج پر آنا بہت ضروری ہے ۔دشمن ہمیشہ دونوں برادر اسلامی ممالک میں تنازعات پیدا کرنے کی سازشوں میں مصروف رہتا ہے ۔پاکستان اور افغانستان کے درمیان نفرتیں پیدا کرنے کی بھارتی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے عوام نے اپنی آزادی برقرار رکھنے کیلئے لاکھوں شہداء پیش کئے اور تاریخ انسانی کی بڑی ہجرت کی ۔پاکستان کے عوام نے بھی اپنے افغان بھائیوں کو رہنے کیلئے نہ صرف گھر دیئے بلکہ اپنے دلوں میں جگہ دی۔انہوں نے کہا کہ اب افغانستان کی تمام جماعتوں اور شخصیات کو قیام امن کیلئے مشترکہ کوشش کرنا ہوگی تاکہ افغانستان کی نئی نسل کو پڑھنے اور آگے بڑھنے کا موقع مل سکے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انجینئر گلبدین حکمت یار نے کہا کہ پاکستانی عوام نے طویل عرصہ افغان مہاجرین کی بے مثال مہمان نوازی کی ہے ۔جس کے سبب پاکستان اور افغانستان کے درمیان پہاڑوں اور دروں کی رکاوٹیں تو ختم ہوگئی ہیں لیکن سامراجی پالیسیاں حائل ہوجاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑی طاقتوں کی طرف سے گرم پانیوںاور معدنی ذخائر پر قبضہ کی خواہش نے چار عشروں سے افغانستان پر جنگ مسلط کررکھی ہے۔آج بھی افغانستان میں جنگ کی وجہ سے روزانہ سینکڑوں لوگ لقمہ اجل بن رہے ہیں،لیکن اقوام متحدہ سوئی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ امن کا واحد راستہ یہ ہے کہ بڑی طاقتیں علاقے سے نکل جائیں اور افغانوں کو ان کی مرضی کے مطابق حکومت بنانے اور چلانے کا موقع دیں۔دریں اثنا ایک انٹرویو میں گلبدین حکمت یار نے افغانستان میں جاری امن عمل میں پاکستان کے اہم کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بہت اہم ملک ہے جو افغانستان میں امن لانے میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے ۔گلبدین حکمت یار نے کہاکہ پاکستان کی افغانستان میں امن سے متعلق مخلصانہ کوششیںقابل تعریف ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ ملک میں امن لانے کیلئے مدد جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکی بھی طالبان کو مذکرات کی میز پر لانے میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہیں۔ہم افغانستان میں امن کیلئے کو ئی بھی قدم اٹھانے والے ملک اور فرد کا خیر مقدم کرتے ہیں۔جنگ ہمیشہ امن کے ساتھ ختم ہوتی ہے اور اب ہمارے ملک میںبھی جنگ امن کے ساتھ ختم ہوجائے گی ۔دریں اثناء سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے افغان رہنما گلبدین حکمت یار نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک افغان تعلقات خطے کی سیاسی معاشی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن خوشحال اور مستحکم افغانستان دیکھنے کا خواہاں ہے۔