• news

شہباز شریف اپنی پراسرار خاموشی پر کچھ کہیں گے یا ہم بتائیں: صمصام بخاری

لاہور (صباح نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ '' ریجیکٹڈ اپوزیشن ''پہلے خود تو کسی بیانیے پر متفق ہو جائے۔ شہبا زشریف کی پر اسرار خاموشی کوئی بتلائے کہ ہم بتلائیں کیا؟ ایک پارٹی کی نائب صدر نے اپنے ہی پارٹی صدر کو پچھاڑ دیا ہے۔ صوبائی وزیر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اپوزیشن اپنے ہی بوجھ تلے دبی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن میں مزید انتشار پیدا ہوگا۔ معیشت تباہ کرنیوالوں سے اس کے میثاق پر کیسے بات ہو سکتی ہے؟نواز لیگ کو پنجاب میں گزشتہ10برسوں کا جواب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ادارے بربادی کی داستانیں سنا رہے ہیں۔ اپنے کمیشن کیلئے من پسند منصوبوں پر اربوں روپے لٹائے گئے۔ ماضی میں تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کو جوں کا توں رکھا گیا۔ صمصام علی بخاری نے کہا کہ 2019-20پی ٹی آئی حکومت کا پہلا مکمل مالی سال ہوگا۔ ہم دوررس نتائج کی حامل ٹھوس پالیسیاں متعارف کرارہے ہیں۔ حکومت عام آدمی کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے گی۔

ای پیپر-دی نیشن