• news

شاہ محمود قریشی سے ملاقات ، افغان امن عمل میں پاکستان کا کردار قابل تحسین : سیکرٹری جنرل نیٹو

برسلز(صباح نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برسلز میں نیٹو ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیٹو ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر جنرل سیکرٹری نیٹو اسٹولٹن برگ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور نیٹو کے مابین دو طرفہ تعاون، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ کیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں سہ رکنی اتحاد ایساف کے تحت نیٹو اور امریکی فورسز کی ہر ممکن مدد کی ہے۔ پاکستان اور نیٹو کے افغان امن عمل کے حوالے سے مقف میں کافی یکسانیت ہے۔ پاکستان اور نیٹو کے مابین 2010 سے لے کر آج تک دو طرفہ سیکیورٹی تعاون کے حوالے سے مذاکرات کے آٹھ ادوار ہوچکے ہیں۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ نیٹو نے بھی مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے۔ 2005 میں آنے والے شدید ترین زلزلے میں نیٹو نے امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ 2010 میں جب پاکستان میں سیلاب نے شدید تباہی پھیلائی اس وقت بھی نیٹو اراکین نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل نیٹو نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے۔ نیٹو خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کے تعاون اور مثبت کردار کا معترف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیٹو پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ شاہ محمود آج برسلز میں طویل المدت انگینجمنٹ سٹریٹجک پر ڈائیلاگ کے حوالے سے معاہدہ پر دستخط کریں گے جبکہ کئی یورپی یونین رہنمائوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن