سعودی عرب کے ساتھ ہیں: پاکستان ، حوثی باغیوں کے ایئرپورٹ پر حملے کی مذمت
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) پاکستان نے سعودی عرب کے ابہا کے ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کی جانب سے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ ایک شامی باشندہ جاں بحق اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 21 افراد زخمی ہوئے تھے۔ پاکستان نے سعودی ایئرپورٹ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایئر پورٹ پر حملے میں ایک شخص جاں بحق اور 21 زخمی ہوئے، پاکستان اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت اور بردار ملک سعودی عرب کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کو درپیش خطرے میں یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق ابہا ہوائی اڈے پر حوثیوں کے ڈرون حملے کے بعد یمن، بحرین، متحدہ عرب امارات، کویت اور مصر کی طرف سے شدید مذمت کے ساتھ سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ و عالمی تعاون کی طرف سے جاری کردہ بیان میں حوثیوں کے ابہا ہوائی اڈے پر ڈرون حملے کو بین الاقوامی معاہدوں اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔