پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس کا درجہ برقرار رکھیں گے: برطانوی ٹریڈ کمشنر
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد سے برطانوی ٹریڈ کمشنر برائے پاکستان و افغانستان نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پربات چیت کی گئی۔ اعلامیہ وزارت تجارت کے مطابق ٹریڈ کمشنر برطانیہ نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس کا درجہ برقرار رکھے گا۔ برطانوی کمپنیاں پاکستان سے درآمد جاری رکھنا چاہتی ہیں اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہیں۔ اس وقت برطانوی کمپنیوں کو پاکستان میں کچھ رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ پاکستان برطانوی کمپنیوں کو درپیش رکاوٹیں دور کرے۔ مشیر تجارت نے کہا کہ پاکسان نے کاروبار میں آسانی کیلئے خصوصی پروگرام تشکیل دیا ہے کاروبار اور سرمایہ کاری کے عمل کوآسان بنانے کیلئے اہم اقدام کئے ہیں۔ چاہتے ہیں پاکستان میں برطانوی کمپنیاں سرمایہ کاری کریں۔