• news

متوقع برطانوی وزیراعظم کا ٹرمپ کے انتخابی مینجر کیساتھ رابطوں کا انکشاف

لندن (این این آئی) برطانیہ کی حکمران جماعت کی قیادت سنبھالنے کی دوڑ میں سب سے آگے بورس جانسن کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سابق مینجر کے ساتھ مبینہ رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیو بینن 2016 کے امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے کمپین مینجر تھے۔ اس کے علاوہ ایک انتہائی دائیں بازو کی نیوز ویب سائٹ برائٹ بارٹ نیوز کے ایگزیکٹو چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔ بینن اور بورس جانسن کے مبینہ رابطوں اور تعلقات کا انکشاف برطانوی اخبار نے کیا ۔برطانوی اخبار نے ایک ویڈیو کلپ بھی جاری کیا اور اْس میں جانسن اور بینن کے درمیان گفتگو دیکھی جا سکتی ہے۔ اس گفتگو میں دونوں حضرات سابق وزیر خارجہ کے منصب وزارت سے مستعفی ہونے سے قبل پارلیمنٹ میں کی گئی تقریر پر بات کر رہے تھے۔ برطانیہ کی حکمران جماعت کی سربراہی کی دوڑ میں بورس جانسن کو موجودہ وزیر خارجہ جریمی ہنٹ کے چیلنج کا سامنا ہے،یہ امر اہم ہے کہ اس برطانوی سیاستدان نے کچھ دن قبل کہا تھا کہ اسٹیو بینن کے ساتھ رابطوں کی خبریں بے بنیاد ہیں اور حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔ انہوں نے ان باتوں کو انتہا پسندانہ فریب قرار دیا۔ اسی ویڈیو کلپ میں امریکی صدر کے سابق معاون جانسن یہ کہتے سنے گئے کہ یورپی یونین سے برطانیہ کا انخلا یوم آزادی کے مساوی ہو گا۔ پارلیمنٹ میں جانسن کی تقریر اسی بات کے گرد گھومتی رہی۔

ای پیپر-دی نیشن