سوڈانی مسلح گروپوں سے مفاہمت: عبوری کونسل نے کمیٹی بنا دی
خرطوم (آئی این پی) سوڈان میں عبوری کونسل نے مسلح تنظیموں کے ساتھ مفاہمت کے لیے گزشتہ شام ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کمیٹی کے سربراہ سوڈان عبوری کونسل کے نائب صدر جنرل محمد حمدان دقلو عرف ’’حمیدتی‘‘ ہوں گے۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں عبوری کونسل میں سیاسی کمیٹی کے سربراہ شمس الدین کباشی، ان کے نائب اور میجر جنرل اسامہ العوض محمدین شامل ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کباشی نے ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے اور سیاسی نوعیت کے ایسے گروپ نمودار ہو رہے ہیں جن کا ساتھ ضروری ہے تا کہ ملکی امن و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے باور کرایا کہ عبوری کونسل سوڈان میں یک جہتی، سلامتی اور امن کی خواہاں ہے۔ کباشی کے مطابق ملک میں قائم مسئلے کے حل کے لیے بات چیت اور موافقت کا راستہ اپنانا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایتھوپیا اور افریقی یونین کے منصوبے کے ذریعے ’’آزادی و تبدیلی‘‘ نامی قوت کے نقطہ نظر میں اتفاق پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ مفاہمتی کمیٹی کی تشکیل جنرل دقلو کے گزشتہ جمعرات کے روز ایک کانفرنس میں خطاب کے چند روز بعد عمل میں آئی ہے۔