جنوبی افریقہ کے خلاف جیت پر خوش ، پہلا ہدف فائنل تک رسائی ہے : حارث سہیل، شاداب خان
لندن(سپورٹس رپورٹر) ورلڈ کپ جنوبی افریقہ کے خلاف جیت میں مرکزی کردار ادا کرنے والے بلے باز حارث سہیل اور سپن باولر شاداب خان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں رہنے کے لیے ہمارے لیے لارڈز میں افریقہ کے خلاف میچ میں کامیابی ضروری تھی۔ حارث سہیل کا کہنا تھا کہ یہ جیت پاکستان کے لیے بہت ضروری تھی کوشش ہوگی کہ اس جیت کو اگلے میچز میں بھی برقرار رکھیں اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میری ہمیشہ سے کوشش رہی کہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلوں چاہے مجھے کسی بھی نمبر پر بھیجا جائے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف اس میں کامیاب ہوا۔ مجھ سمیت ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف جیت میں اپنی اچھی کارکردگی کو اگلے میچز میں بھی برقرار رکھنے کی کوشش کرونگا۔ اگلے تینوں میچز ہمارے لیے بہت زیادہ اہم ہیں۔ ہم لوگوں کے لیے شائقین کرکٹ دعا کریں انشااﷲ ورلڈ کپ کی ٹرافی جیت کر وطن واپس لوٹیں گے۔ ان کے ساتھ سپن باولر شاداب خان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں بال اچھا گریپ ہو رہا تھا میری کوشش تھی کہ اچھی باولنگ کروں اور اپنی ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کروں۔ کسی بھی بلے باز کو اگر لائن اور لنتھ پر بولنگ کرتے ہیں تو اس کے لیے بھی مشکل پیدا ہوتی ہے، میں نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں ایسا ہی کیا۔ شاداب خان کا کہنا تھا کہ اچھے اور برے وقت میں ہمیشہ ہمیں سپورٹ کیا کریں کیونکہ شائقین کرکٹ کی سپورٹ سے ہمارے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ ہمارے لیے دعا کریں اگلے میچز میں بھی پاکستان ٹیم کے تمام کھلاڑی اچھا پرفارم کریں۔