• news

2 ہزار ڈاکٹرز بھرتی‘ فیصل آباد میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کرینگے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے فیصل آباد ڈویژن کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے شہری سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے نیا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت شہروں میں سیوریج، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، صفائی کے نظام میں بہتری اور دیگر سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے اربوں روپے کی لاگت سے نئے پروگرام کا آغاز کر رہی ہے۔ فیصل آباد میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سیف سٹی پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ ایجوکیشن اور ہیلتھ فیسلٹیز کو خوب سے خوب تر بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے دورے کرنے کی ہدایت کی۔ فیصل آباد ڈویژن میں آب پاک اتھارٹی کے تحت واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زرعی یونیورسٹی کے سب کیمپس کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ غیر فعال واٹر سپلائی سکیموں کی بحالی کیلئے بجٹ میں فنڈز رکھنے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے فیصل آباد میں سپیڈو بسیں مہیا کرنے کیلئے فراہمی کیلئے فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت کی۔ بدعنوان عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کرپٹ عناصر کو عہدوں نہیں رہنے دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے بعض بدعنوان افسروں کے خلاف ارکان اسمبلی کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کیس اینٹی کرپشن کو بھجوانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے جنرل ہسپتال فیصل آباد میں 8 ماہ سے ایم ایس کی تعیناتی نہ ہونے کے حوالے شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ہسپتال میں ایم ایس جلد سے جلد تعینات کیا جائے۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم میں ضلع جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کو بھی شامل کیا جائے گا۔ ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی کمی دور کرنے کا پروگرام بنا لیا ہے پنجاب حکومت نے 2 ہزار ڈاکٹرز کی بھرتی کیلئے اشتہار دے دیا ہے۔ فیصل آباد ڈجکوٹ روڈ کی ناقص تعمیر کی شکایت کی انکوائری کا حکم دیا۔ عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف مہم تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں انٹر سٹی ائر کنڈیشنڈ بسوں پر مجوزہ سیلز ٹیکس واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا اس ٹیکس کے واپس لینے سے عوام کو ریلیف ملے گا پنجاب کا۔ بجٹ صوبے میں ترقی اور خوشحالی کا پیغام لائے گا۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں فیڈریشن اور صوبوں کے مابین مشترکہ مالیاتی ذمہ داریوں پر مفاہمت کی یادداشت کی منظوری دی گئی جبکہ اجلاس میں کیپٹن (ر) عارف نواز کی انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کے عہدے پر تقرری کی ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری دی گئی۔ عثمان بزدار نے بجٹ سیشن میں شرکت کی۔کابینہ کے فیصلوں پر بریفنگ میں وزیر اطلاعات پنجاب نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ بسوں پر مجوزہ ٹیکس ختم کر کے عوام کو ڈیڑھ ارب ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن