نوازشریف ملکی حالات سے پریشان‘ چاہتے ہیں عوامی توقعات پر پورا ترنے کیلئے کردار ادا کریں: شہباز شریف
اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوازشریف کے حوصلے بلند ہیں، پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو نوازشریف سے نہ ملنے دینا فسطائی ذہنیت کی عکاسی ہے۔ پارٹی کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں محمد نوازشریف کو جیل میں ملا تھا، ان کے جذبے بلند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف سے ملاقاتوں پر پابندی قابل مذمت ہے۔ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو نوازشریف سے نہ ملنے دینا فسطائی ذہنیت کی عکاسی ہے۔ انہوں نے محمد نوازشریف کی جانب سے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کیلئے نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف ملکی حالات پر بے حد پریشان ہیں، نواز شریف چاہتے ہیں کہ ہم سب عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ شہبازشریف نے پارٹی ارکان کو بجٹ اجلاس میں بھرپور شرکت پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ عوام دشمن بجٹ کو مسترد کر چکے ہیں، انشاء اللہ پاس ہونے نہیں دیں گے، ممبران نواز شریف کے سپاہی اور شیر بن کر لڑینگے، بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے اپنی تقاریر کے ذریعے سے عوام کو درپیش مسائل کی بھرپور ترجمانی کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہت اچھا پیغام گیا ہے کہ آپ پارلیمان میں ان کی آواز بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام دشمن بجٹ کے خلاف عوامی امنگوں کی ترجمانی ہمارا بنیادی فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے اپنے حلقوں کے عوام کی بھی بلاشبہ بھرپور نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ ایک مرحلے میں داخل ہورہا ہے، کٹوتی کی تحاریک میں حاضری کو یقینی بنائیں اور بھرپور کردار ادا کریں۔ شہبازشریف نے کٹوتی کی تحاریک کی تیاری پر جاوید مرتضی عباسی، شازہ خواجہ، محسن رانجھا، عائشہ پاشا، ڈاکٹر ارادت، سعد وسیم اور دیگر ارکان کو شاباش دی۔ شہبازشریف کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس میں بیک بینچرز کی کارکردگی کی بھی تعریف کی گئی۔ شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ بے حد نامساعد حالات اور تکلیف دہ عمل ہے تین بار کا وزیراعظم جیل میں ہے، بجٹ اور مہنگائی سے متعلق عوام کے ساتھ زیادتی پر آواز اٹھانی ہے اٹھائیں گے۔ مریم نواز کے ساتھ اختلاف کے سوال پر کہا کہ شریف خاندان میں تقسیم کی بات 30 سال سے ہو رہی ہے، شریف خاندان میں کوئی اختلافات نہیں، اللہ کرے وقت عزت اور اتفاق سے گزرے۔ اے پی سی میں ہمارا وفد بھرپور شرکت کرے گا۔ اے پی سی میں متفقہ حکمت عملی طے کریں گے۔ بجٹ منظوری کو روکنے کیلئے متفقہ حکمت عملی اپنائیں گے۔ اپوزیشن اے پی سی کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) نے آج بدھ کی صبح مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز شریف بھی آج بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں آئیں گی، مریم نواز اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف اور دیگر رہنمائوں سے ملاقات کریں گی۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز شریف اور شہباز شریف وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہائوس سے اے پی سی میں شرکت کے لئے جائیں گے۔