آئین میں سزا یافتہ شخص کے پارٹی عہدے پر پابندی نہیں: مریم نواز کا الیکشن کمشن میں جواب، سیاست میں نہیں تھی تب بھی جلا وطنی کاٹی: ویڈیو پیغام
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پارٹی عہدہ رکھنے کے خلاف دائر درخواست پر الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرا دیا۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کیا جائے، الیکشن ایکٹ میں ایسی کوئی شرط نہیں کہ سزا یافتہ شخص پارٹی کی نائب صدارت کا عہدہ نہیں رکھ سکتا۔ سماعت چار جولائی تک ملتوی کردی گئی۔ گزشتہ روز الیکشن کمشن میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف دائر درخواست پر چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔ سماعت کے دوران مریم نواز کے وکیل عمر سجاد الیکشن کمشن میں پیش ہوئے جبکہ مسلم لیگ ن کے وکیل جہانگیر جدون الیکشن کمشن کے سامنے پیش ہوئے۔ درخواست گزار کی طرف سے وکیل حسن مان الیکشن کمشن کے سامنے پیش ہوئے۔ مریم نواز کے وکیل عمر سجاد نے مریم نواز کا جواب الیکشن کمشن میں جمع کرا دیا۔ جبکہ ن لیگ کی طرف سے جواب جمع نہ کرایا جا سکا۔ مریم نواز کی طرف سے جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ آئین اور الیکشن ایکٹ میں پارٹی نائب صدر کا عہدہ رکھنے کی ایسی کوئی ممانعت نہیں، ایسی کوئی شرط نہیں کہ سزا یافتہ شخص پارٹی کی نائب صدارت کا عہدہ نہیں رکھ سکتا یا پارٹی کا رکن نہیں ہو سکتا، ماضی جب آٹو کریٹک دور ہوا کرتے تھے تو عوام کو ان کی مرضی کے نمائندے منتخب کرنے سے روکنے کے لئے اس طرح کے قوانین بنائے جاتے رہے ، پولیٹیکل پارٹی آرڈر 2002 جس کی شق فائیو ون میں یہ ممانعت تھی کہ کوئی بھی سزا یافتہ شخص پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتا یا رکن نہیں ہو سکتا، پارلیمان کے الیکشن ایکٹ 2017 میں سوچ سمجھنے کے بعد اس شق کو شامل نہیں کیا گیا، جواب میں استدعا کی گئی ہے کہ درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 4 جولائی تک ملتوی کر دی۔علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ 20 سال سے سیاست میں تو نہیں سیاست میں نہ ہونے پربھی ہاؤس اریسٹ، سات سالہ جلاوطنی کی سزائیں بھگت چکی ہوں جس دن والد کو ہائی جیکر قرار دیکر دوبارہ عمر قید سنائی گئی اس وقت بھی عدالت میں تھیں والد جدہ میں میرے دادا کی میت رخصت کرنے سے پہلے کہہ رہے تھے اللہ کے حوالے میرے والد کہہ رہے تھے اب اللہ کے پاس آپ سے پھر ملوں گا میرے والد جس دن یہ کہہ رہے تھے میں تب بھی ان کے پیچھے کھڑی تھی آج کاروبار رک چکے ہیں مہنگائی سے عوام پس رہی ہے نالائق اعظم سلیکٹڈ وزیراعظم نے آج ملک کا یہ حال کر دیا ہے ملکی ترقی رک چکی ہے نواز شریف کا جرم قوم کیلئے کھڑا ہونا ہے۔ مریم نواز نے بذریعہ موٹروے اسلام آباد جاتے ہوئے ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ جہاز نواز شریف کے بنائے ہوئے نیو اسلام آباد ائرپورٹ کی جانب جا رہے ہیں یہ موٹروے بھی ماشاء اللہ نواز شریف نے بنائی ہے پاکستان کا ذرہ ذرہ نواز شریف نے سجایا ہے نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا نواز شریف نے موٹرویز کے ذریعے صوبوں کو آپس میں جوڑا قوم کے محسن کو بغیر کسی گناہ یا جرم کے جیل کی سلاخوں کے پیچھے پھینکا ہوا ہے۔ لوگوں کیلئے آسانیاں کرنے والے نواز شریف کیلئے اللہ آسانیاں کرے اور انہیں جلد عوام میں واپس لائے ۔