جارجیا: مظاہروں پر انتخابی قوانین بدلنے کا اعلان
تبلیسی(این این آئی)قفقاذ خطے کی ریاست جارجیا میں حکومت نے انتخابی قوانین کو تبدیل کرتے ہوئے انتخابات کے بعد پارلیمنٹ میں نشستوں کی تعداد کا تعین متناسب نمائندگی کے تحت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس طرح اپوزیشن کے متناسب نمائندگی کے قانون کے نفاذ کا مطالبہ تسلیم کر لیا گیا ہے۔ حکمران جماعت کی جانب سے یہ اعلان چار روز تک مسلسل حکومت مخالف مظاہروں کے بعد سامنے آیا۔ جمعرات بیس جون کو عوامی مظاہرے کو منتشر کرنے کی پولیس کارروائی میں سینکڑوں افراد زخمی ہوئے تھے۔ مظاہرین انتخابی قواعد و ضوابط میں تبدیلی کے علاوہ ملکی وزیر داخلہ کو برخاست کرنے کا مطالبہ بھی کرتے رہے ہیں۔