امریکی قونصل جنرل کا دورہ سرگودھا یونیورسٹی‘ سمر کیمپ میں شرکت
سرگودھا (نامہ نگار) امریکی قونصل جنرل کو لین کرینویلگی نے سرگودھا یونیورسٹی کا دورہ کیا اور لنکن کارنر سرگودھا کی جانب سے بچوں کیلئے لگائے گئے سمر کیمپ میں شرکت کی۔ سمر کیمپ میں50سے زائد بچے شریک ہوئے جہاں بچوں کی ابلاغی و سماجی مہارتوں اور تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے پر توجہ دی گئی۔ طلبہ کی ذہنی صلاحیتوں کی نشوونماکیلئے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی سے متعلق مختلف سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔ قونصل جنرل نے بچوں سے انفرادی طور پر بات چیت کی ، ان سے سمر کیمپ سے متعلق سوالات کئے۔ قونصل جنرل کو لین کرینویلگی اور یو ایس قونصلیٹ کے پبلک افیئرز آفیسر مائیکل گینن نے انگلش ایکسس مائیکر و سکالرشپ پروگرام کے زیر اہتمام ’’ لیڈر شپ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ورکشاپ میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے انگلش ایکسس مائیکرو سکالرشپ پروگرام کا حصہ بننے والے120طلبہ سے سوالات بھی کئے۔