ٹینس کے سابق شہرہ آفاق کھلاڑی بورس بیکر ٹرافیاں نیلام کرنے پر مجبور
اسلام آباد(اسپورٹس رپورٹر )ٹینس کے سابق شہرہ آفاق کھلاڑی بورس بیکر قرض کی ادائیگی کیلیے ٹرافیاں نیلام کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ٹینس کے سابق شہرہ آفاق کھلاڑی بورس بیکر قرضوں کی ادائیگی کے لیے اپنی ٹرافیاں اور ٹی شرٹس نیلام کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔جرمن ٹینس اسٹار بورس بیکر ایک زمانے میں ہر ٹائٹل پر قبضہ جماتے تھے ۔ انتہائی کم عمری میں گرینڈ سلم جیت کر ٹینس کی دنیا میں اپنی حکمرانی قائم کی۔بورس بیکر نے ٹینس کی دنیا کو خیر باد کہا تو جہاں شریک سفر کے ساتھ قانونی جنگ میں الجھے وہیں کئی تنازعات میں ان کا نام سامنے آیا ۔ نتیجہ عدالتی جنگ لڑتے لڑتے ان کی تجوریاں خالی ہوتی گئیں ۔قرضوں کے بوجھ تلے ایسے دبے ہیں اب انہیں چکانے کے لیے ٹرافیاں اور ٹی شرٹس کی نیلامی کا ارادہ کر لیا ہے ۔ بورس بیکر نے میڈل ، گھڑیاں اور تصویریں تک کی آن لائن نیلامی کا اعلان کیا ہے جو گیارہ جولائی تک جاری رہے گی۔