ویسٹ انڈین ٹیم میگا ایونٹ میں اپنا ساتواں میچ کل بھارت کیخلاف کھیلے گی
مانچسٹر(آئی این پی)ویسٹ انڈیز کی ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنا ساتواں میچ (کل)جمعرات کو اب تک ناقابل شکست ٹیم بھارت کے خلاف مانچسٹر میں کھیلے گی۔ ویسٹ انڈیز ٹیم کے لئے بری خبر یہ ہے کہسٹار ویسٹ انڈین آل رائونڈر آندرے رسل فٹنس مسائل کے باعث رواں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز سے باہر ہو گئے۔ان کی جگہ سنیل ایمبرس کو سکواڈ میں طلب کر لیا گیا ہے۔ رسل پورے ٹورنامنٹ کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار رہے لیکن اس کے باوجود انہوں نے ٹیم کی نمائندگی جاری رکھی۔ ویسٹ انڈین ٹیم مینجمنٹ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد رسل کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے اسلئے بدقسمتی سے وہ ورلڈ کپ کے بقیہ میچز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے، ان کی جگہ سنیل ایمبرس کو سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے، امید ہے کہ وہ عمدہ پرفارم کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔