• news

میثاق جمہوریت کو گالی بنا دیا گیا: حمزہ شہباز‘ ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

لاہور (وقائع نگارخصوصی) احتساب عدالت نے حمزہ شہباز شریف کو مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ہے۔ حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملزاور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت نیب کے وکیل نے کہا کہ حمزہ شہباز کے اثاثے ان کی آمدن سے زائد ہیں۔ حمزہ شہباز سے ریکارڈ میچ کرانے کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔ نیب کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ حمزہ شہباز نے آمدن اور اثاثوں پر سوال کا جواب بعد میں دینے کا کہا ہے۔ نیب نے حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں 15 دن کی توسیع کی استدعا کی تھی۔ عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ شہباز شریف نے میثاق معیشت کا کہا مگر اْسے گالی بنا دیا گیا حکمران انا پرسیاست کر رہے ہیں۔ انہیں آگے بڑھنا چاہیے، وقت اْن کے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ پاس کرانا بڑی بات نہیں ۔ معاشی بحران حل کرنا ہوگا۔ یہ بجٹ خسارہ کس طرح پورا کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے زمانے میں ایسا خسارہ نہیں تھا، اس وقت ملک میں معاشی ایمرجنسی کی ضرورت ہے۔ حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ ملکی سالمیت کو خطرہ ہے۔ وہ ملکی سالمیت کے لئے دعا گو ہیں۔ گیس کی قیمتوں میں 200 فیصد اضافہ کرکے غریبوں پرایک اور وار کر دیا گیا ہے۔حمزہ شہباز نے کہا کہ موجودہ بجٹ خودکش دھماکے کی مانند ہے۔ یہ احتساب نہیں بلکہ عمران نیازی کا انتقام ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے آواز نہ اٹھائی تو عوام خود نکل پڑیں گے۔ وقت ان کے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔ انہوں نے کہا اس بجٹ کے بعد کئی اور منی بجٹ آئیں گے۔ 18 ہزار والا تنخواہ دار طبقہ کیسے گزارا کرے گا۔ 70 سال کی تاریخ میں آج تک ایسا معاشی بحران پہلے کبھی نہیں آیا۔

ای پیپر-دی نیشن