• news

لورالائی: پولیس لائنز پر حملہ ناکام، 3 خودکش بمبار ہلاک، حوالدار شہید

کوئٹہ، اسلام آباد، وہوا (بیورورپورٹ ‘اے این این+ اے پی پی + آئی این پی+ نامہ نگار) لورالائی میں پولیس نے دہشتگردی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک خود کش حملہ آور کو ہلاک کردیا جبکہ 2 خودکش بمباروں نے خود کو دھماکے سے اڑالیا، تاہم اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق دہشت گرد پولیس لائنز کے مرکزی دروازے سے داخل ہوئے، تاہم وہاں موجود ایک دہشتگرد کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا۔ اسی اثنا میں دوسرے دہشت گرد نے پولیس لائنز میں داخل ہو کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ ان دونوں کے مارے جانے کے بعد ایک اور دہشت گرد نے خود کو مین گیٹ پر دھماکے سے اڑایا۔ واقعے میں ایک اہلکار حوالدار اللہ نواز شہید ہوئے جن کا تعلق وہوا ( ڈیرہ غازی خان) سے ہے۔ زخمیوں میں ایس پی لورالائی عطاء الرحمان اور ایک خاتون سمیت 5 اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ (آئی جی) بلوچستان محسن حسن بٹ کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس لائنز پر اس وقت حملہ کیا جب اہلکار اپنی محکمانہ ترقی کے لیے امتحان میں مصروف تھے، تاہم ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کی بروقت کارروائی سے یہ حملہ پسپا ہوا۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا پولیس اہلکاروں نے دلیری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرکے حملے کو ناکام بنایا۔ صدر عارف علوی‘ وزیراعظم عمران خان اور دیگر رہنمائوں نے بھی واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ زخمی ہونے والوں میں ایس پی عطاء الرحمن ترین‘ بی بی فاطمہ‘سجاد احمد‘ محمد ادریس‘ محمد عالم شامل ہیں ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کر لی۔ شہید ہونے والا اللہ نواز ولد محمد نواز ہیڈ محرر جبکہ محمد ادریس ولد محمد رمضان حبیبانی شیخ ہیڈ کانسٹیبل ہے۔ محمد ادریس کے دوبیٹے جبکہ اللہ نواز کا ایک بیٹا بھی بلوچستان پولیس میں ملازم ہے۔ محمد ادریس نے ٹیلی فون پر بتایا کہ لورالائی پولیس لائن میں محکمانہ پروموشن کیلئے بی ون امتحان جاری تھا کہ اچانک مسلح دہشت گردوں نے حملہ کرکے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ لورالائی پولیس لائن پر حملے کے بعد اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ آئی جی اسلام آباد کی ہدایت پر اسلا م آباد پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا۔ اہم تنصیبات اور عمارتوں پر بھی سکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ دوسری طرف بولان میں ٹرینوں پر دہشتگردی کی کوشش ناکام سکیورٹی فورسز نے ٹریک پر نصب بم برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا، لیویز کے مطابق بدھ کوستار لانڈھی کے مقام پر ریلوے ٹریک سے دیسی ساختہ بم برآمدکر کے اسے ناکارہ بنا دیا گیا بم کی اطلاع پر ٹرینوں کو مختلف مقامات پر روک دیا گیا تاہم کلیئرنس کے بعد آمدورفت بحال کردی گئی ۔

ای پیپر-دی نیشن