• news

اے پی سی ذاتی مفادات، لوٹ مار کو تحفظ دینے کی بیٹھک ہے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے لاہور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی اور اپنے حلقوں اور علاقوں کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور فلاح عامہ کے کاموں سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلی نے ارکان اسمبلی کے مطالبے پر سابق دور میں لاہور کے حلقوں کیلئے سرکاری خزانے سے اربوں روپے کے فنڈز کے اجراء اور خرچ کرنے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قومی وسائل عوام کی امانت ہیں اور قومی وسائل کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرنا خیانت ہے۔ ہم سرکاری خزانے کی پائی پائی کے امین ہیں۔ سابق دور میں عام انتخابات سے قبل حلقوں کیلئے جاری ہونے والے اربوں روپے کے فنڈز اور ان کے استعمال کی غیر جانبدارانہ انکوائری ہوگی۔ کسی کو قومی وسائل کی لوٹ مار نہیں کرنے دیں گے اور عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہوگا۔ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام کرینگے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ متعلقہ ادارے اور انتظامیہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے متحرک انداز میں فرائض سرانجام دیئے جائیں۔ لاہور ڈویژن میں پینے کے صاف پانی کا مسئلہ حل کیا جائے گا اور سیوریج کے نظام اور صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے لاہور سے مریدکے اور نارنگ منڈی تک لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی بسوں کو دوبارہ چلانے کی ہدایت کی۔ مریدکے میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا کیمپس بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے لاہور ڈویژن سمیت صوبے کی 257 غیر فعال واٹر سپلائی سکیمو ں کی بحالی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان سکیموں کی بحالی کیلئے فنڈز مختص کر دیئے گئے ہیں۔ واربرٹن میں اراضی سینٹر قائم کیا جائے گا۔ شاہکوٹ۔ جڑانوالہ روڈ کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کریں گے۔ ایل ٹی سی کی بسوں کو ننکانہ صاحب تک چلانے کا جائزہ لیا جائے گا اور پتوکی میں ٹراما سینٹر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کیلئے زرعی کریڈٹ کارڈ کا اجراء کیا جائے گا۔ حکومت بائیو گیس پلانٹس لگانے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت اقدامات کرے گی۔ لاہور کے ڈرینج سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا۔ ایک بیان میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اے پی سی ذاتی مفادات اور لوٹ مار کی دولت کو تحفظ دینے کی بیٹھک ہے۔ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں۔ ملکی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دینا عوام کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ مسترد شدہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ عثمان بزدار نے لورالائی پولیس لائنز پر دہشتگردوں کے حملے کی کوشش ناکام بنانے پر پر پولیس اہلکاروں کی بہادری کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ عثمان بزدار نے پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن میں شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن