• news

بابر اعظم کی شاندار سنچری، پاکستان نے’’ناقابل شکست‘‘ نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے ہرادیا

برمنگھم+ لاہور (چودھری اشرف+ نمائندہ سپورٹس) ورلڈ کپ 2019ء کے سیمی فائنل مرحلے میں کوالیفائی کرنے کیلئے پاکستان ٹیم کی ایک اور پیش قدمی، ناقابل شکست نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے اہم ترین میچ میں 6وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔ نیوزی لینڈ نے 6 وکٹوں پر 237 رنز بنائے‘ پاکستان نے ہدف چار وکٹوں پر 241 رنز بنا کر پورا کرلیا۔ بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا۔ پانچ کے سکور پر محمد عامر نے مارٹن گپٹل کو کلین بولڈ کر دیا۔ گپٹل پانچ رنز بناسکے۔ کپتان ویلیمسن نے کولن منرو کیساتھ سکور کو 24 تک پہنچایا تو شاہین شاہ آفریدی نے کولن منرو کو کیچ آوٹ کردیا۔ منرو نے 12 رنز بناسکے۔ 38 کے ٹوٹل پر روز ٹیلر بھی چلتے بنے۔ سرفراز احمد نے ان کا تین رنز پر شاندار کیچ پکڑا۔ 46 رنز پر ٹام لیتھم بھی ایک رن بناکر شاہین آفریدی کا شکار ہو گئے۔ کپتان کین ویلمسن اور نیشام نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 37 رنز بنائے۔ 83 رنزپر کپتان کین ویلمسن 43 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ جیمز نیشام نے کیریئرکی چھٹی نصف سنچری مکمل کی۔ گرینڈ ہوم نے اپنی تیسری نصف سنچری مکمل کی۔ پاکستان کو چھٹی وکٹ 215 کے سکور پر ملی جب گرینڈ ہوم رن آوٹ ہو گئے۔ گرینڈ ہوم اور نیشام کے درمیان 132 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ نیوزی لینڈنے چھ وکٹوں پر 237 رنز بنائے۔ جیمز نیشام نے ناٹ آئوٹ 97 رنز بنائے ۔ سنٹنرر 5 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔شاہین شاہ آفریدی نے 28 رنز دیکر تین ‘ محمد عامر نے 67 رنز کے عوض ایک جبکہ شاداب خان نے 43 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ وہاب ریاض، محمد حفیظ اور عماد وسیم کو کوئی وکٹ نہیں ملی۔ 238 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی طرف سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔ پہلا نقصان 19 کے سکور پر اٹھانا پڑا جب فخر زمان 9 کے انفرادی سکور پرآوٹ ہو گئے۔ 44 کے سکور پرامام الحق بھی 19 رنز بنانے کے بعد کیچ آوٹ ہو گئے۔ بابر اعظم اور محمد حفیظ نے سکور کو 110 تک پہنچا دیا۔ محمد حفیظ 32 رنز بناکر کیچ آوٹ ہو گئے۔ حارث سہیل نے ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری نصف سنچری 63 گیندوں پر 3 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے مکمل کی، ایک روزہ کرکٹ میں ان کی 12 ویں نصف سنچری تھی۔ بابر اعظم نے بھی ورلڈ کپ کی پہلی سنچری سکور کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ بابر اعظم کیریئر کا 70 ایک روزہ میچ کھیل رہے تھے جس میں انہوں نے کیریئر کی 10 ویں سنچری مکمل کی۔ بابر اعظم نے اپنی سنچری 124 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے بنائی۔ پاکستان کا سکور 236 رنز پر پہنچا توحارث سہیل 68 رنز بنا کر گپٹل کے ہاتھوں رن آئوٹ ہو گئے۔ کپتان محمد سرفراز نے وننگ شاٹ بھی لگائی۔ بابر اعظم 101 اور سرفراز 5 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ ٹرینٹ بولٹ، فرگوسن اور ویلمسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان کی فتح پر شائقین نے برمنگھم میں جشن منایا۔ وزیر اعظم عمران خان نے قومی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف فتح پر مبارکباد دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن