منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی کا حکم، ناکام شو پر اپوزیشن منفی سیاست سے توبہ کر لے: عثمان بزدار
لاہور (صباح نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملتان ڈویژن کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے ملتان ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں، فلاح عامہ کی سکیموں اور حلقوں کے مسائل کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ ارکان نے جنوبی پنجاب کے لئے 35 فیصد ترقیاتی بجٹ مختص کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ عثمان بزدار نے کہا ہم نے ملکر صوبے کے عوام کی امیدوں اور توقعات پر پورا اترنا ہے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے لئے فنڈز مختص کر دئیے گئے ہیں۔ ماضی کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے فنڈز دیگر منصوبوں کو منتقل کئے۔ جنوبی پنجاب کے عوام پسماندگی اور غربت کی چکی میں پستے رہے اور سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ترقی کے نام پر دھوکہ دیا۔ پنجاب کی ہر تحصیل میں سپورٹس کمپلیکس بنے گا۔ ارکان اسمبلی کے مطالبے پر وزیراعلیٰ نے سابق دور میں تعمیر ہونے والے سپورٹس سنٹرز میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے شہروں میں سہولتوں کی بہتری کے لئے نیا منصوبہ مرتب کرلیا گیا ہے اور اس پروگرام پر 35ارب روپے خرچ ہوں گے۔ 6ہزار پیرا میڈیکل سٹاف کی بھرتی بھی کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے منشیات کا مکروہ دھندہ کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کی خرید و فروخت کرنے والے مافیا کے خلاف قانون کے تحت بلا تفریق کارروائی کی جائے- ملاقات 4 گھنٹے تک جاری رہی۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اے پی سی کے نام پر اپوزیشن کا ڈرامہ بری طرح فلاپ رہا لہذا اپوزیشن جماعتوں کو ناکام شو پر اب منفی سیاست سے توبہ کر لینی چاہئے۔ 22 کروڑ عوام نے اپوزیشن کے غیر جمہوری طرز عمل کو مسترد کر دیا ہے، کرپٹ عناصر سن لیں قوم بے لاگ احتساب کی حامی ہے جو حشر اے پی سی کا ہوا ہے وہ اپوزیشن جماعتوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے کرپٹ عناصر کے کڑے احتساب سے ہی پاکستان آگے بڑھے گا۔ عثمان بزدار نے قومی کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف اہم میچ جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ عثمان بزدار سے پنجاب اسمبلی میں صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق اعجاز عالم کی سربراہی میں اقلیتی ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اقلیتیوں کو آئین کے تحت برابر کے حقوق حاصل ہیں۔