• news

اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید 1.50، سونا 500 روپے تولہ مہنگا سٹاک مارکیٹ شدید مندے کا شکار

لاہور، کراچی (کامرس رپورٹر) روپے کی بے قدری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا اور انٹر بینک میں ڈالر مزید ایک روپے 89 پیسے مہنگا ہو کر 164 روپے 5 پیسے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں قیمت 164 روپے 50 پیسے ہو گئی ہے۔ مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران ڈالر کی قیمت میں 3 روپے تک کا اضافہ دیکھا گیا اور انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 164 روپے 50 پیسے کا بھی فروخت ہوا۔ تاہم سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر ایک روپے 89 پیسے کے اضافے سے 164 روپے 5 پیسے رہی جو ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح ہے۔ انٹر بینک مارکیٹ میں یورو 2 روپے 25 پیسے مہنگا ہو کر 186 روپے 50 پیسے اور برطانوی پاونڈ 2 روپے 81 پیسے مہنگا ہو کر 208 روپے 35 پیسے کا ہو گیا ہے۔ انٹر بینک مارکیٹ میں دو روز کے دوران ڈالر کی قدر میں 7 روپے 7 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری اوقات کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت ایک روپے 50 پیسے کے اضافے سے 164 روپے 50 پیسے ہو گئی یورو 3 روپے مہنگا ہو کر 187 روپے 50 پیسے اور برطانوی پائونڈ 3 روپے مہنگا ہو کر 207 روپے 50 پیسے کا ہو گیا ہے۔ دوسری طرف صرافہ مارکیٹ میں گزشتہ روز ایک تولہ سونے کی قیمت میں مزید 500 روپے اضافہ ہوا اور اس کا ریٹ 81000 روپے سے بڑھ کر 81600 روپے ہوگیا ہے جو کہ ملک کی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔ جیولرز کے مطابق روپے کی قدر میں مسلسل کمی کے باعث سونے کی قیمت میں اضافہ ہورہا ہے۔ علاوہ ازیں رواں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمععرات کو بھی شیئرز کا کاروبار خسارے سے دوچار رہا اور پاکستان سٹاک ایکس چینج میں اتارچڑھائو کے بعد زبردست مندی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس 34000 ، 33900 اور 33800کی نفسیاتی حدوں سے بھی گرگیا، 53.68فیصد حصص کی قیمتوں میںکمی رہی اور کاروباری حجم بھی گذشتہ روز بدھ کی نسبت 15.44فیصد کم رہا۔ مندی کے نتیجے میںسرمایہ کاروں کے58ارب 56کروڑ روپے سے زائد ڈوب گئے۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان سے دو دن میں گورنر سٹیٹ بینک نے دوسری اہم ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق گورنر سٹیٹ بینک نے وزیراعظم سے پارلیمنٹ میں ان کے چیمبر میں ملاقات کی جس میں مالیاتی معاملات سے متعلق امور اور ڈالر کی اونچی اڑان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین بھی موجود تھے۔ گورنر سٹیٹ بینک نے ڈالر کی قدر میں اضافے پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے سٹیٹ بینک اور مالی معاملات سے متعلق مسلسل آگاہ رکھنے کی ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن