• news

پاکستان سیمی فائنل کیلئے افغانستان‘ بنگلہ دیش کو آسان نہ سمجھے: وسیم اکرم

بر منگھم (سپورٹس رپورٹر)سابق کپتان وسیم اکرم نے قومی ٹیم کو مشورہ دیا ہے کہ سیمی فائنل کھیلنے کیلئے افغانستان اور بنگلہ دیش کے خلاف میچز جیتنا ضروری ہیں اور دونوں ٹیموں کو آسان نہ لیا جائے۔ پاکستان کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کے چانسز ہیں اس لیے آئندہ میچز میں جیت کے لیے میدان میں اتریں۔ افغانستان کے پاس کھونے کو کچھ نہیں جبکہ بنگلہ دیش بھی خطرناک ٹیم ہے، اس لیے دونوں ٹیموں کے خلاف جیت ضروری ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرنا پڑے گی، ٹیم پہلی گیند سے ہی گیم پر کنٹرول رکھے ہوئے تھی اور کھلاڑی صبح سے ہی مطمئن، پْراعتماد اور خوش لگ رہے تھے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم ٹاس ہاری لیکن ہمت نہیں ہاری۔ شاہین آفریدی نئے گیند سے وکٹ لینے والا بولر ہے، اسے تسلسل سے کھلائیں، یہ پاکستان کا مستقبل ہے۔ فخر زمان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ فخر کو سیکھنا چاہیے کہ بائولرز کو کس طرح ریڈ کریں، امید ہے وہ اپنی غلطیوں سے سیکھے گا۔ بابر اعظم نے کمال بیٹنگ کی اور دنیا کو بتادیا کہ وہ دنیا کے بہترین بیٹسمینوں میں سے ایک ہیں جبکہ حارث سہیل نے بھی بتادیا کہ وہ زبردست پلیئر ہیں، انہیں بس تھوڑا فزیکلی فٹ ہونا ضروری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن